4 اپریل 2022 - 13:24
عمران خان نے گلزار احمد کا نام نگراں وزیر اعظم کے لیے پیش کر دیا

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کا نام تجویز کردیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فؤاد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بتایا کہ صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام نگراں وزیر اعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔

اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو آئین کے آرٹیکل 224 اے ون کے تحت نگران وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے موزوں نام دینے کے لیے خط لکھا تھا۔

انہوں نے دونوں رہنماؤں کو آگاہ کیا تھا کہ اگر وزیراعظم اور سبکدوش ہونے والی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کسی شخص کو نگراں وزیر اعظم بنانے پر متفق نہ ہوں تو قومی اسمبلی کی تحلیل کے تین دن کے اندر وہ ہر دو نامزد افراد کو قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے فوری طور پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے پاس بھیجیں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے کیونکہ یہ غیرقانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم نے قانون توڑا ہے اور سوال یہ ہے کہ وہ اپوزیشن سے کیسے رابطہ کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242