اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
بدھ

23 مارچ 2022

8:20:53 AM
1241728

اسلامو فوبیا کے ذریعہ پرامن فضا کو مسموم بنانے کی سازش

اسی طرح ایک فیلم کے ٹریلر میں امام خمینی (رہ) کی شخصیت کشی عالم اسلام' شیعہ مسلمان اور دنیا کے پاک طینت انسانوں کے لئے ناقابل برداشت ہے-ہر شریف انسان امام خمینی رہ کی عزت کرتا ہے اور انکا نام احترام سے لیتا ہے-

بقلم سید عباس مھدی حسنی
قم المقدسہ (ایران)

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ وطن عزیز ہندوستان میں مغرب کی اندھی تقلید میں بعض سیاسی پارٹیاں اپنا الو سیدھا کرنے کے لئے محبت کے بجائے نفرت کا ماحول بنا کر پرامن اور پیار و محبت سے لبریز فضا کو مسلسل نفرت انگیز اور ناامن بنانے کی سازشیں رچ رہی ہیں اور بعض بھولے بھالے عوام کے جذبات کا غلط استعمال کر رہی ہیں-
حالیہ دنوں میں کشمیر فائلس نامی فلموں کی سیریز کا سلسلہ شروع ہوا- ریلیز شدہ فلم میں حقائق کی پردہ پوشی کرتے ہوئے دین اسلام اور مسجد و مدرسہ وغیرہ کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے-مسلمانوں کو پنڈتوں کا دست نگر دکھایا گیا ہے- البتہ پنڈت خواتین کو سر ڈھکے دکھایا گیا ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ پہلے ہندوؤں میں بھی ایک قسم کا حجاب تھا لیکن مغربی عریانیت اور بے حیائی کی تاثیر ہندوستانی خواتین کو اپنے رنگ میں رنگتی چلی گئی جسکے برے نتائج و اثرات سب کے لئے عیاں ہے-
اس فیلم میں تاریخی حقائق کو منحرف کرکے' اسلام دشمنی اور سیاسی مفادات کے تحت مسلمانوں کو دہشت گرد بتایا گیا ہے- جب کہ اسلام اور حقیقی مسلمانوں نے ہمیشہ امن و آشتی کا پیغام دیا ہے-
مجھے حیرت ہے، ان دانا و بینا افراد پر جو اس طرح کی تحریف شدہ اور من گھڑت کہانیوں پر یقین کر لیتے ہیں- اسلام کا عمیق مطالعہ کرنے والے کسی بھی اہل علم و دانش کے لئے اسلام اور حقیقی مسلمانوں کا امن پسند ہونا روز روشن کی طرح واضح ہے ۔لفظ اسلام' سلم سے ماخوذ ہے جسکے معنی امن و سلامتی کے ہیں-
قرآن اور رسول و آل رسول (ص) کی سنت و سیرت طیبہ سے یہ بات ثابت ہے کہ مخالفوں کے ساتھ بھی حتیٰ الامکان رواداری برتنی چاہئے البتہ جان'مال اور ناموس پر حملہ کی صورت میں سب پر دفاع واجب ہے-
اسی طرح ایک فیلم کے ٹریلر میں امام خمینی (رہ) کی شخصیت کشی عالم اسلام' شیعہ مسلمان اور دنیا کے پاک طینت انسانوں کے لئے ناقابل برداشت ہے-ہر شریف انسان امام خمینی رہ کی عزت کرتا ہے اور انکا نام احترام سے لیتا ہے-
آنکی عظیم شخصیت کسی بھی صاحب علم و بصر سے پوشیدہ نہیں ہے-
آپ خوبیوں کا مظہر تھے-آپ نے ہمیشہ دنیا والوں کو امن و محبت کا پیغام دیا-مادیت سے خستہ انسانیت کو معنویت سے آشنا کرایا-مستضعفین کے دلوں میں امید کی روح پھونکی چونکہ آپکا نام روح اللہ تھا- آپ مظلوموں کے مددگار اور ظالموں کے مقابلہ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے-
آپ اسلام مجسم ' ولی خدا'عارف کامل اور ہر نیک صفت کی تجلی گاہ تھے-کسی بھی فرد کے ذریعہ کسی بھی شکل میں آپ کی شخصیت کشی اسکی خباثت نفس اور شیطان صفتی کی علامت ہے-
آپ کی شخصیت پر حملہ انسانیت اور عالم اسلام خصوصاً مذہب تشیع پر حملہ کے مترادف ہے-جو کسی بھی شریف انسان سے بعید ہے-
ملک کے شرپسند عناصر' عالمی استکبار کی اسلام اور انسان دشمن سازشوں کے تحت ہمارے عزیز ملک ہندستان کی گنگا جمنی تہذیب کو نشانہ بنا ہوئے ہیں اور نفرت کے توے پر سیاسی مفادات کی روٹیاں سینکنے کا بازار گرم ہے-
ریلیز شدہ فیلم میں اسلام کو دہشتگرد دین کے عنوان سے پیش کیا گیا ہے اور ایک ٹریلر میں امام خمینی رہ کی شخصیت کو منفی انداز میں دکھایا گیا ہے-
اہل انصاف سے نہ حقیقی اسلام کی انسان ساز نورانی تعلیمات پوشیدہ ہیں اور نہ امام خمینی رہ کی مثبت اور جامع' الہی اور معنوی شخصیت مخفی ہے-
اس فیلم کے ذریعہ دنیا کے تمام مسلمانوں اور نیک اور پاک سرشت انسانوں کو بہت زیادہ دلی تکلیف پہونچی ہے ہم سب شدید الفاظ میں اس گھنونی سازش کی مذمت کرتے ہیں اور عزیز ملک ہندستان کی عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سلسلہ میں فوری طور پر مستحکم اقدام کرے تاکہ دنیا کے عربوں لوگوں کے کرب زدہ قلوب کیلئے مرحم بن سکے اور ملک میں قائم شدہ امن و محبت کی فضا بھی برقرار رہے نیز مستقبل میں بھی ہر قسم کے نفرتیں پیدا کرنے اور اسے بڑھاوا دینے والے امور کی روک تھام ہو-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242