اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعرات

17 مارچ 2022

8:32:10 AM
1240062

حجاب اسلام کا لازمی جزء ہے مسلمان زیادہ سے زیادہ اپنے تعلیمی ادارے قائم کریں : مولانا کلب جواد نقوی

امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان پورے ہندوستان میں جہاں بھی ممکن ہو اپنے تعلیمی ادارے قائم کریں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ریاست کرناٹک میں حجاب تنازع میں عدالت کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ ہم عدالت کا بیحد احترام کرتے ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حجاب کے مسئلے کو صحیح طریقے سے سمجھنے کی کوشش نہیں کی گئی ۔
امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان پورے ہندوستان میں جہاں بھی ممکن ہو اپنے تعلیمی ادارے قائم کریں ۔ضروری نہیں ہے کہ ہم بڑے بڑے اسکولوں اور کالجوں کے قیام کی کوشش کریں بلکہ پہلے پہل چھوٹے اسکولوں سے بھی اس راہ میں پیش رفت کی جاسکتی ہے ۔مولانا نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ اسکولوں اور کالجوں کا قیام ملت کے لیے بیحد ضروری ہے تاکہ ہم کسی دوسرے کے محتاج نہ رہیں ۔ہمیں ہر شعبے میں خود کفیل ہونا ہوگا تاکہ ہمارا تشخص برقرار رہے ۔
مولانا نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ حجاب تعلیم حاصل کرنے میں رکاوٹ نہیں بنتا، یہ غلط فہمی اور اسلاموفوبیا کی بدترین شکل ہے ۔ہندوستان میں دیگر قومیں اپنے مذہبی و سماجی تشخص کے ساتھ زندگی گذار سکتی ہیں تو پھر مسلمانوں کے تشخصات کو ختم کرنے کی کوشش کیوں ہورہی ہے ؟۔اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ اسکولوں میں طالبات کو باحجاب داخلے کی اجازت دی جائے اور ایسے غیر ضروری مسایل کو ابھارنے کے بجائے ملک کی ترقی ،خوشحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کےفروغ کے لیے کام کیا جائے ۔مولانا نے آخرکلام میں ایک بار پھر مسلمانوں سے اصرار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے اسکول اور کالج قائم کریں تاکہ دوسروں کی محتاجی کا سلسلہ ختم ہوسکے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242