اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
منگل

15 مارچ 2022

12:36:20 PM
1239336

سعودی عرب میں درجنوں شیعہ مسلمانوں کی گردن زنی کا سانحہ انسانیت سوز

آغا صاحب نے کہا کہ سعودی عربیہ میں وہابی افکار و نظریات کی بالا دستی سے وہاں تمام مسلکی اقلیتیں غیر محفوظ ہو کر رہ گئی ہیں خاص طور پر وہاں کی شیعہ برادری اور شیعہ مسلک کا خاتمہ حکومت آل سعود کا ایک واضح اور ترجیحی مشن ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سعودی عرب میں بیک وقت 81 شیعہ مسلمانوں کے سر قلم کرنے کی حکومت آل سعود کی سفاکانہ کاروائی کے خلاف شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عالمی برادری بالخصوص حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ شیعیان سعودی عربیہ پر ڈھائے جا رہے انسانیت سوز مظالم کا سنجیدہ نوٹس لیں۔

آغا صاحب نے کہا کہ سعودی عربیہ میں وہابی افکار و نظریات کی بالا دستی سے وہاں تمام مسلکی اقلیتیں غیر محفوظ ہو کر رہ گئی ہیں خاص طور پر وہاں کی شیعہ برادری اور شیعہ مسلک کا خاتمہ حکومت آل سعود کا ایک واضح اور ترجیحی مشن ہے انہوں نے کہا کہ سعودی عربیہ کی پچاس لاکھ کے قریب شیعہ آبادی ابھی تک بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہے انہیں محصور کر کے رکھ دیا گیا ہے اور انھیں اپنے دینی مراسم کی اجازت نہیں حتیٰ کہ انہیں اعلانیہ طور پر اذان دینے کی بھی اجازت نہیں وہاں فرضی الزامات کے تحت ہزاروں شیعہ افراد کو زندانوں میں مقید کر کے رکھ دیا گیا ہے اور درجنوں کی تعداد میں انکی گردن زنی کی جا رہی ہیں۔

آغا صاحب نے تازہ ترین سانحہ میں شہید افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کا جرم اہلبیت نبوی ؐ سے محبت و مودت ہے اور ہم دنیا پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مظالم اور گردن زنی سے ڈر کر شیعیان عالم محمد و آل محمد ؐ کی محبت و عقیدت کے عقیدے سے کبھی بھی دست بردار نہیں ہوں گے آغا صاحب نے ان شہدا کے بلند درجات کی دعا کی اور لواحقین سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242