اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
اتوار

27 فروری 2022

12:28:47 PM
1234095

یوکرین کے مختلف علاقوں میں روسی پیشقدمی جاری، یوکرینی فوجیوں کی سخت مزاحمت

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بہتر پوزیشن اور کئی علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے حوالے سے متضاد دعوے سامنے آ رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عالمی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، دارالحکومت کیف میں بھی گھمسان کی لڑائی جاری ہے اور اب ایسا دکھائی دیتا ہے کہ یوکرین کے خلاف روس پوری قوت سے میدان میں لے آیا ہے۔ یوکرینی اہداف پر حملوں میں تیزی کے بعد اب دارالحکومت کیف میں گاہے بگاہے زور دار دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ روس نے دارالحکومت کیف کی ایک ائیر فیلڈ کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، روسی وزیرخارجہ کےمطابق کیف کے مغربی حصے کو بھی یوکرینی فوج سے کاٹ دیا گیا ہے۔

اُدھر اطلاعات ہیں کہ یوکرین کے شہر خارکیف میں شدید شہری جنگ جاری ہے اور دونوں طرف سے شدید حملوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ یوکرین کے فوجی شہر کے مختلف علاقوں میں پوزیشن لے کر روسی فوجیوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یوکرین اور روس کی جانب سے ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں، یوکرین کے حکام نے روسی پیش قدمی روکنے اور ہزاروں روسی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر یوکرین میں تباہی کی فوٹجز بھی سامنے آئی ہیں۔

اس درمیان یوکرین کے سابق صدر پوروشنکو کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوتین کو سخت خبردار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ سرزمین ہماری ہے اور بہتر ہے کہ روسی صدر اپنی فوج کو کیف سے دور رکھیں ورنہ انہیں شہر کے اندر ایک جہنم کا سامنا کرنا پڑے گا اور انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

اُدھر امریکہ اور البانیہ کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ایک اور ہنگامی اجلاس بلا لیا گیا ہے، اجلاس میں جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے پر ووٹنگ ہو گی، اجلاس بلانے کے خلاف مستقل 5 ارکان میں سے کسی کو ویٹو کا اختیار نہیں ہو گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242