اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
جمعرات

24 فروری 2022

11:10:15 AM
1233032

یوکرین کا دعویٰ، روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا

یوکرین کے وزیرخارجہ دیمترو کیلیبا نے دعوی کیا کہ روس نے یوکرین پرحملہ کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی وزیرخارجہ دیمترو کیلیبا نے ٹویٹ میں دعوی کیا ہے کہ روسی صدرولادیمیرپوتین نے یوکرین پرپوری طاقت سے حملہ کردیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ دارالحکومت کیف سمیت کئی شہروں پرحملے کئے گئے ہیں۔ دنیا صدرپویتن کوروکے۔ یہ عملی اقدامات کرنے کا وقت ہے۔ ہم ہرقیمت پراپنے ملک کا دفاع کریں گے اورکامیاب ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت کیف، ڈونباس، اڈیسہ ماریوپول سمیت یوکرین کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی زوردار آوازیں آرہی ہیں۔ روسی فوج نے یوکرین کے فوجی اڈوں کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوتین نے یوکرین پر خصوصی فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے یوکرین کی فوج سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوتین نے دھمکی دی ہے کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا۔

روسی صدر کے مطابق یہ فوجی آپریشن یوکرین کی دھمکیوں کے جواب اور اسلحے سے پاک خطے کے لیے ہے۔

یوکرین کی وزارتِ داخلہ نے دعوی کیا ہے کہ روس نے بیلیسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسہ میں پہنچ گئی ہے۔

روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی اور تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

سلامتی کونسل کاہنگامی اجلاس یوکرین کی درخواست پر بلایا گیا ہے، 3 روز کے دوران سلامتی کونسل کا یہ دوسرا ہنگامی اجلاس ہو گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242