اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
بدھ

23 فروری 2022

4:17:54 PM
1232734

شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ کی آیۃ اللہ العظمی یعقوبی سے ملاقات

مرجع تقلید حضرت آیۃ اللہ العظمی شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) سے نجف اشرف میں شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ آیۃ اللہ شیخ محمد ہاشم صالحی (دامت برکاتہ) نے ملاقات کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تفصیلات کے مطابق، ملاقات میں افغانستان میں اہل تشیع کے رہنما آیۃ اللہ شیخ محمد ہاشم صالحی نے افغانستان کی نئی صورتحال اور پیش آنے والے تلخ واقعات کے باوجود حوزہ ہائے علمیہ اور دینی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

مرجع تقلید حضرت آیۃ اللہ العظمی یعقوبی نے ان حالات اور افغان عوام کو درپیش چیلنجوں اور مشکلات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افغانستان کی شیعہ علماء کونسل اپنے صالح پیشرو مرحوم شیخ آصف محسنی (رحمۃ اللہ علیہ) کے کارناموں کو جاری رکھتے ہوئے شیعوں کو حکومت میں ایک بااثر سیاسی اور سماجی قوت میں تبدیل کرے گی اور مرحوم شیخ محسنی کی ذاتی رسومات اور حالات کو برقرار رکھے گی۔

رپورٹ کے مطابق، اس موقع پر حضرت آیۃ اللہ العظمی شیخ یعقوبی نے افغانستان کے حوزہ ہائے علمیہ اور ضرورت مند مؤمنین سمیت عراق اور ایران کے حوزہ ہائے علمیہ میں زیر تعلیم افغان طلباء اور علماء کی مادی اور معنوی مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

یاد رہے کہ آیۃ اللہ شیخ محمد ہاشم صالحی نے 1968ء کے اواخر میں حوزہ علمیہ نجف اشرف سے اپنی تعلیم مکمل کرکے آیۃ اللہ العظمی خوئی اور آیۃ اللہ العظمی شہید صدر رحمۃ اللہ علیہم کے دروس خارج میں شرکت کی اور ان سے حقیقی معنوں میں کسبِ فیض کیا اور پھر انہیں ان کی دینی اور سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے بعثی حکومت نے دو ماہ تک حراست میں لیا اور 1976ء میں ایران جلاوطن کر دیا گیا اور آپ حوزہ علمیہ قم میں ایک طویل عرصے تک تحقیق اور تدریس میں مصروف عمل رہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242