اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعہ

11 فروری 2022

8:56:00 AM
1228266

آیت الله صافی گلپایگانی کی وفات پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے افریقی رکن کا تعزیتی پیغام

جنوبی افریقہ سے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی مَجلِسِ عمومی کے رکن نے مرجع تقلید آیت اللہ صافی گلپایگانی کی وفات حسرت آیات پر تعزیتی پیغام جاری کیا۔

اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی - ابنا - کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی افریقہ سے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی مَجلِسِ عمومی کے رکن، اہل البیت(ع) انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر اور کیپ ٹاؤن کی اہل بیت(ع) جامع مسجد کے امام حجت الاسلام و المسلمین سید آفتاب حیدر رضوی نے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی لطف اللہ صافی گلپایگانی کی وفات حسرت آیات پر اپنے پیغام میں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اس پیغام کا مکمل متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) نے فرمایا: "اذا مات العالم الفقیه ثلم فی الاسلام ثلمة لایسدها شیء؛ جب ایک فقیہ عالم دنیا سے رخصت ہو جائے تو اسلام میں ایسی دراڑ پڑ جاتی ہے جسے کوئی شیئے پر نہیں کرسکتی"۔
بےپناہ غم و اندوہ کے ساتھ، اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر قم میں عالم تشیّع کے عالی قدر مرجع تقلید آیت اللہ العظمی لطف اللہ صافی گلپایگانی کی وفات حسرت آیات کی خبر ملی۔
آن جناب علمی مراتب کے لحاظ سے حوزہ نجف اور حوزہ قم کے ممتاز علماء کے شاگردوں میں سے تھے اور آپ کے نمایاں ترین استاد مرحوم آیت اللہ العظمی سید حسین بروجردی تھے۔ وہ اپنے پیچھے ایک شاندار علمی ورثہ چھوڑ گئے۔ ان کی بعض اہم کتابوں کا انگریزی ترجمہ بھی شائع ہو چکا ہے اور ہم ان سے زبردست فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ بارہویں امام حضرت مہدی (علیہ السلام) کے بارے میں انھوں نے بہت ہی عمدہ کتب تالیف کی ہیں۔
اس پارسا عالم دین کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ پوری دنیا میں اسلام اور مکتب اہل بیت (علیہم السلام) کی تبلیغ کو بہت اہمیت دیتے تھے۔ بیرون ملک مقیم شیعیان آل رسول(ص) اور اہل بیت (ع) کے چاہنے والوں کے ساتھ ان کی ملاقاتوں میں اس معاملے میں ان کی بے پناہ دلچسپی اور اہتمام کو شدت سے محسوس کیا جاسکتا تھا۔
اس عالمِ بزرگوار کے ساتھ ہماری متعدد ملاقاتوں میں، ہم ان کی طرف سے ناقابل وصف منکسرالمزاجی اور شفقت و محبت کو دیکھتے رہے ہیں؛ خاص طور پر ہمارے شیعہ معاشرے کے لئے پیش آمدہ المناک واقعے - اور ڈربن میں مسجد امام حسین (علیہ السلا) پر دہشت گردانہ حملے اور حافظ عباس ایسوپ کی شہادت کے بعد - ان کی طرف کی حمایت اور توجہ بالکل عیاں ہوئی۔ ہم ان کے شاندار پیغام کو بھی، جو 2017 میں مسجد اہل بیت (ع) کے افتتاح کے موقع پر جاری کیا گیا تھا، کبھی نہیں بھولیں گے؛ جو ہمارے لئے بہت الہام بخش، راہنما اور حیرت انگیز حمایت کے مترادف تھا۔
جنوبی افریقہ کا اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن اور اس کے تمام اراکین اور متعلقین اس صدمے کے حوالے سے انقلاب اسلامی کے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای حفظہ اللہ، مرحوم عالم دین کے معزز اور سوگوار خاندان، بالخصوص ان کے فرزند ارجمند حضرت حجت الاسلام و المسلمین شیح حسن صافی گلپایگانی، ان کے شاگروں، عقیدتمندوں اور مقلدین کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور خدائے منان سے فقید سعید کے لئے درجات کی بلندی کی التجا کرتے ہیں۔
خدائے متعال ان کی ملکوتی روح کو اپنی بے انتہا رحمت و مغفرت سے نوازے اور اسلام کے پیغمبر مُکَرَّم اور اہل بیت صلوات اللہ علیہم اجمعین کے ساتھ محشور فرمائے۔ آمین
سید آفتاب حیدر رضوى
ڈائریکٹر سربراہ اہل البیت(ع) امام جمعہ و جماعت جامع مسجد اہل بیت (علیہم السلام) ۔
کیپ ٹاؤن – جنوبی افریقہ
منگل، یکم فروری 2022ع‍

قابل ذکر ہے کہ عالم تشیّع کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی لطف اللہ صافی گلپایگانی 102 سال کی عمر میں، منگل یکم فروری 2022غ‍، بوقت صبح، دار فانی کو وداع کہہ گئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242