اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
جمعرات

3 فروری 2022

5:33:22 PM
1225534

امریکہ نے جدید ترین جنگی طیارے عرب امارات کو دینے کا اعلان کیا

امریکہ نے متحدہ عرب امارات کو درپیش خطرات کے بہانے پانچویں نسل کے جنگی طیارے علاقے میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پینٹاگون کے مطابق، یہ فیصلہ امریکی وزیر جنگ لوئیڈ آسٹن اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زائد آل نہیان کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے دوران کیا گیا۔

پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لوئیڈ آسٹن اور بن زائد کے درمیان ہونے والی گفتگو میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کی مختلف راہوں کا جائزہ لیا گیا جن میں انٹیلی جینس ، ایئر ڈیفنس تعاون کے علاوہ امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس کول کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

جان کربی کے مطابق، امریکی وزیر جنگ نے بن زائد کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پینٹاگون متحدہ عرب امارات کی مدد اور خطرات کے مقابلے کے لئے علاقے میں پانچویں نسل کے جنگی طیارے بھیج رہا ہے۔

واضح رہے کہ یمنی فوج نے سعودی اماراتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے ، گزشتہ ہفتے کے دوران کئی بار دبئی ، ابوظہبی اورسعودی عرب میں اہم اور اسٹریٹیجک اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242