اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
اتوار

30 جنوری 2022

7:53:24 PM
1224317

ایران کے خلاف اقتصادی جنگ میں امریکہ کو ذلت آمیز شکست ہوئی: رہبر انقلاب اسلامی

قائد انقلاب اسلامی آیت العظمی سید علی خامنہ ای نے ملکی صنعتوں کے لیے روڈ میپ کی تیاری پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ ایران کے خلاف اقتصادی جنگ میں ناکام ہو گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی  آیت العظمی سید علی خامنہ ای نے ملکی صنعتوں کے لیے روڈ میپ کی تیاری پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ ایران کے خلاف اقتصادی جنگ میں ناکام ہو گیا ہے۔

صنعتی اور پیداواری شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اقتصادی شعبے سے وابستہ لوگ عوام کو خود اپنی کامیابیوں سے آگاہ کریں تو یہ عمل دشمن کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے میں سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن کی اقتصادی جنگ کے نتیجے میں عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا ضروری کرنا پڑا ہے لیکن پیداوار کا پہیہ جام نہیں ہوا۔ آپ نے فرمایا کہ دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں اور امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کھل کر اعتراف کیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی امریکہ کی ذلت آمیز شکست پر منتج ہوئی ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیداواری عمل کو جہاد قرار دیا اور فرمایا کہ اقتصادی حملوں کے مقابلے نیز تیل و گیس، زرمبادلہ کی ترسیل روکنے، ایران کے بیرونی سرمائے کو مسدود کرنے کی دشمن کی کوششوں کے مقابلے میں پیداواری شعبے سے وابستہ افراد کی استقامت در حقیقت ایک جہاد اور عظیم عبادت ہے۔

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن اپنے زعم میں چند ماہ کے اندر اقتصادی نظام کو مفلوج کر کے اپنے مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی فکر میں تھا لیکن دس سال گزرنے کے باوجود ملکی پیداوار اور معیشت اپنی جگہ قائم ہے۔

آیت اللہ العظمی نے سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ملک کے بہت سے پیداواری یونٹوں نے پابندیوں کے خاتمے اور مذاکرات کے نتائج کا انتظار نہیں کیا اور انتھک محنت اور لگن کے ذریعے کامیابی کی مثالیں قائم کی ہیں۔

قائد انقلاب اسلامی نے بڑی صنعتوں کو نالج بیس بنانے پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اس میں نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے کیونکہ جہاں بھی ان سے مدد لی گئی، چاہے ویکسین کی تیاری ہو یا اسمارٹ میزائلوں کی ساخت، انہوں نے اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲