اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
جمعہ

31 دسمبر 2021

6:35:42 PM
1214182

مغربی دنیا میں بے لگام ہوتا کورونا، عوام میں تشویش بڑھی

مغربی دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ نے وحشستناک شکل اختیار کرلی ہے جس کے پیش نظر عوام میں تشویش خاصی بڑھ گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکا اور یورپ میں کورونا ایک بار پھر بے قابو ہوتا نظر آ رہا ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے پچاسی فیصد سے زائد مریض امریکا، یورپ اور کنیڈا میں درج کئے گئے ہیں۔

واشنگٹن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعے کو صحت سے متعلق اداروں نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چار لاکھ سے زائد نئے کورونا مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول، سی ڈی سی نے اعلان کیا ہے کہ جن لوگوں کو کورونا کا ویکسین لگ چکا ہے وہ بھی نئی لہر کا شکار ہو رہے ہیں۔

امریکا کے بعد فرانس دوسرا ملک ہے جہاں کورونا تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ فرانسیسی وزارت صحت نے پارلیمنٹ کے خصوصی کمیشن میں جو رپورٹ پیش کی ہے اس میں کہا ہے کہ فرانس کو کورونا کی سونامی کا سامنا ہے۔ فرانسیسی وزیر صحت اولیور ویران نے بتایا ہے کہ ملک میں دس لاکھ سے زائد لوگ کورونا کی نئی قسم اومیکرون میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کورونا کی نئی لہر کی شدت کے بعد بازاروں اور دواؤں کی دکانوں پر کورونا کے خودکار ٹیسٹ کا آلہ خریدنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ لگ گئی ہے۔

فرانس میں کورونا کی نئی لہر میں شدت کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پائی جاتی ہے اور نئے عیسوی سال کی تقریبات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ تازہ رپورٹوں کے مطابق فرانس میں کورونا میں مبتلا ہونے کی شرح ہر ایک لاکھ میں دو ہزار سے زائد ہے۔ فرانسیسی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ فی سیکنڈ دو افراد کورونا میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

ادھر برطانیہ میں کورونا ویکسین کے مخالفین نے لندن کے شمال میں واقع ملٹن کینز میں، کورونا ویکسین کے دھوکے میں کورونا وائرس کی ایک لیب پر حملہ کر دیا۔ برطانیہ کے ویکسین مخالفین نے ملٹن کینز میں فریڈم ریلی کے عنوان سے ریلی نکالی تھی۔ مظاہرین نے کورونا سے متعلق پابندیوں کی مخالفت میں نعرے لگائے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ایک دن قبل برطانیہ میں ایک لاکھ تراسی ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوئے تھے۔

برطانیہ میں اب تک ایک کروڑ پچـیس لاکھ سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

اس دوران رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ایک دن میں دس لاکھ سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں دنیا کے مختلف ملکوں میں تہتر لاکھ سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر میں اکتوبر کے وسط سے تیزی آئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242