اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعرات

16 دسمبر 2021

5:48:38 PM
1209324

امریکی قدم بقدم؛

ٹرمپ کے 3 کروڑ مسلح جیالے بائیڈن کو ہٹانے کے لئے تیار/ کیپیٹل ہل پر حملہ ایک مشق تھی

ٹرمپ کے دو سے تین کروڑ مسلح حامی بائیڈن کا تختہ الٹنے کے لئے تیار ہیں/ کہا جاتا ہے کہ جنوری 2021ع‍ میں کانگریس کی عمارت یا کیپٹل ہل (Capitol Hill) پر حملہ ایک مشق تھی/ 70 فیصد امریکی بائيڈن سے ناراض۔ MSNBC کے تجزیہ نگار جان ہیلمین کا انتباہ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکہ میں سماجی دراڑوں کی گہرائی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ ملک میں بہت سے ریپبلکنز کو اب بھی یقین ہے کہ گذشتہ سال کے صدارتی انتخابات میں بائیڈن کے حق میں دھاندلی ہوئی ہے بائیڈن کی صدارت ناجائز ہے۔ دوسری طرف، رائے شماریوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں دو قطبی ماحول میں شدت آئی ہے۔ ان سروے رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ لوگ "ہَمہ گِير خانہ جنگی اور یہاں تک کہ ملک کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے امکان" کی وجہ سے فکر مند ہیں۔
نومبر 2021 میں ریاستہائے متحدہ میں کرائے گئے ایک سروے کے مطابق، تین میں سے ایک امریکی ریپبلکنز، یا 33 فیصد کا خیال ہے کہ امریکہ کے زوال کو روکنے اور اس کے بچاؤ کے لئے تشدد سے کام لینا ضروری ہے؛ مجموعی طور پر 18 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ محب وطن امریکیوں کو ملک کے مسائل کے حل کے لئے ہتھیار اٹھانا چاہئے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل، امریکی محکمۂ داخلی سلامتی نے خبردار کیا تھا کہ ٹرمپ کے حامیوں نے تشدد آمیز اقدامات کا سہارا لینے کی ترغیب دلانے میں اضافہ کیا ہے۔
چنانچہ امریکی چینل ایم ایس این بی سی (MSNBC) کے تجزیہ نگار جان ہیلمین (John Heilemann) نے گذشتہ اتوار [12 دسمبر 2021ع‍] کو نئی صورت پر تجزیہ کرتے ہوئے زور دیا کہ کروڑوں امریکی مسلحانہ کاروائیاں کرنے اور بائیڈن حکومت کا خاتمہ کرنے کے لئے پا بہ رکاب ہیں۔
رشیا ٹوڈے ویب گاہ کے مطابق، ہیلمین نے کہا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو سے تین کروڑ مسلح حامی اسلحہ اٹھا کر بائیڈن کا تختہ الٹنے کے لئے تیار ہیں۔ ایم ایس این بی سی کے اینکر پرسن چاک ٹاڈ (Chuck Todd) نے ہیلمین کے موجودگی میں اٹلانٹک کے تازہ مضمون بعنوان "ٹرمپ کی بغاوت اسی وقت شروع ہوچکی ہے" پر روشنی ڈالی۔
ہیلمین نے اس پروگرام میں کہا: ایک تحقیق کے مطابق، آٹھ سے 12 فیصد امریکی باشندوں کا کہنا ہے کہ بائیڈن [حکومت] غیر قانونی اور ناجائز ہے۔ اور یہ کہ تشدد مناسب ترین ہتھیار ہے جس کے ذریعے بائیڈن کو ہٹا کر ٹرمپ کو واپس لایا جاسکتا ہے"۔ ہیلمین نے اس پروگرام میں یہ بھی کہا ہے کہ "آٹھ سے 12 فیصد کا مطلب یہ ہے کہ 20 سے لے کر 30 ملین امریکی اسلحہ اٹھا کر سیاسی تشدد کے پر مبنی بڑی مسلحانہ تحریک کے لئے تیار ہیں"۔
کیپیٹل ہل پر حملہ ایک مشق تھی!
اٹلانٹک نامی میگزین کی رپورٹ میں بھی اس اشارہ ہؤا تھا کہ "ٹرمپ کی بغاوت تشدد کے بجائے تخریب کاری پر زیادہ انحصار کرے گی"؛ اور کانگریس کی عمارت [یا ریاستہائے متحدہ کیپٹل =United States Capitol یا کیپٹل بلڈنگ =Capitol Building یا کیپٹل ہل = Capitol Hill بھی کہا جاتا ہے] پر حملہ سابق صدر کے لئے ایک "مشق" کی حیثیت رکھتا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کی طرف سے ہونے والی سیاسی چالبازیاں، قومی اور مقامی سطح پر صحیح مناصب پر مناسب حامیوں کی تعیناتی، سنہ 2024ع‍ کے صدارتی انتخابات پر اختتام پذیر ہوسکتی ہے، جن کے نتائج کا تعین بیلٹ پیپر کے ذریعے نہیں ہو۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلین (Michael Flynn) نے بھی ڈموکریٹ انتظامیہ کے خلاف بغاوت کا مطالبہ کیا تھا۔ فلین نے ٹیکساس میں کیون آنون (QAnon) (1) گروہ کی کانفرنس کے سوال و جواب سیشن میں کہا تھا: "میں جاننا چاہتا ہوں کہ جو کچھ میانمار میں ہؤا [یعنی فوجی بغاوت] کیا وہ یہاں امریکہ میں نہیں ہوسکتا؟" اس سبکدوش امریکی فوجی جرنیل نے کانفرنس کے شرکاء کے تائیدی نعروں کی گونج میں مزید کہا: "اس بات کی کوئی وجہ نہیں ہے؛ میرا مطلب یہ ہے کہ یہاں بھی وہی کچھ ہونا چاہئے [جو میانمار میں ہؤا]"۔
بائیڈن کی کارکردگی سے 70 فیصد امریکیوں کی ناراضگی
امریکہ سے ملنے والی اگلی اہم خبر کے مطابق، تازہ ترین سروے رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہتقریباً 70 فیصد امریکی مہنگائی کو روکنے میں صدر کی کارکردگی سے غیر مطمئن اور ناراض ہیں۔ امریکی محکمہ محنت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 40 برسوں میں موجودہ افراط زر کی شرح کی مثال نہیں ملتی۔

فارس خبر ایجنسی کے مطابق اے بی سی اپسوس پول (ABC Ipsos poll) کے ایک سروے کے مطابق 69 فیصد امریکی افراط زر اور مہنگائی روکنے میں جو بائیڈن کی کارکردگی سے ناراض ہیں۔ ہل خبررساں ادارے (TheHill) کے مطابق، اس سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف 28 فیصد امریکی مہنگائی روکنے کے اہم معاملے پر بائیڈن کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور 69 فیصد فیصد لوگ ان کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے درمیان اعداد و شمار کی صورت کچھ یوں ہے کہ 94 فیصد ریپبلکن افراط زر مہنگائی کو روکنے میں بائیڈن کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہیں اور 54 فیصد ڈیموکریٹس بھی یہی رائے رکھتے ہیں اور آزاد جماعتوں میں سے 71 فیصد ووٹر بائیڈن کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔ رپورٹ کے مطابق معاشی صورتحال میں بہتری کے معاملے میں 57 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ بائیڈن کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ بی بی سی نیوز نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ بندوق سے متعلق جرائم اور تشدد سے نمٹنے میں بائیڈن کی مقبولیت میں نمایاں کمی آئی ہے؛ چنانچہ صرف 36 فیصد جواب دہندگان نے جرم سے نمٹنے میں بائیڈن کی کارکردگی کی توثیق کی، اور 32 فیصد بندوق سے متعلق تشدد سے نمٹنے میں ان کی کارکردگی سے مطمئن تھے۔ تاہم، جیسا کہ ہل (TheHill) نے شائع شدہ رائے شماری کی بنیاد پر رپورٹ دی ہے، کورونا پر قابو پانے کے سلسلے میں بائیڈن کی مقبولیت کسی حد تک قابل قبول تھی؛ چنانچہ اے بی سی اپسوس پول کے مطابق 53 فیصد امریکیوں نے کہا ہے کہ وہ کورونا سے نمٹنے کے حوالے سے بائیڈن کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
بہرحال زوال کا عمل جاری ہے اور جیسا کہ پس دیوار دیکھنے کے ماہر نوشتۂ دیوار پڑھنے والے کہتے ہیں کہ امریکہ ٹوٹے گا تو اندر ہی اندر اپنے باسیوں کے ہاتھوں ٹوٹے گا، چاہے وہ ٹرمپ کے مسلح جیالے ہوں خواہ شیطانی قوتیں کیونکہ جب ایک سلطنت سرحدوں سے باہر عجز و بےبسی کا شکار ہوتی ہے، وہ اندرون ملک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہے اور سلطنت امریکہ کے اندر ٹوٹ پھوٹ کا باعث ہونے والے تمام عناصر موجود ہیں اور اب صرف ان کے مربوط ہونے کی دیر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1۔ ویکی پیڈیا کے مطابق، کیو انان (QAnon) ایک امریکی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی سازشی تھیوری اور تحریک ہے جو ایک گمنام فرد یا افراد کے جھوٹے دعؤوں پر مرکوز ہے، جسے "Q" کے نام سے جانا جاتا ہے، جو کہ نابالغ بچوں کی طرف مائل مردوں (pedophiles) کا ایک شیطانی گروہ ہے اور بچوں کی جنسی اسمگلنگ کی عالمی تنظیم چلاتا ہے۔ اس گروپ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے دوران اس کے خلاف جس کے خلاف سازش کی تھی [لیکن اب یہ گروہ ٹرمپ کی حمایت کررہا ہے اور ٹرمپ کے ساتھ اس کے جلسوں میں تقریریں جھاڑتے ہیں]۔ QAnon کو ایک فرقے یا دھرم کے طور پر متعارف کرایا جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ماخذ: روزنامہ کیہان
ترجمہ: فرحت حسین مہدوی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110