اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
بدھ

6 اکتوبر 2021

2:12:43 PM
1186369

فیسبوک کی مصنوعات بچوں اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں: سابق عہدیدار

فیس بک کی مصنوعات بچوں اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں، یہ بات خود فیس بک کی ایک سابق عہدیدار فرانسس ہوگن نے امریکی سینیٹ میں کہی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانسس ہیوگن نے امریکی سینیٹ کی کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیس بک کی انتظامیہ کو معلوم ہے کہ پلیٹ فارم کو کیسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے لیکن وہ اپنے مفادات کی خاطر ایسا کرنے سے گریزاں ہے۔

اُدھر فیس بک کا کہنا ہے کہ فرانسس ہیوگن جن موضوعات پر بات کر رہی ہیں، وہ ان سے بے خبر ہے۔

خیال رہے کہ فیس بک دنیا کا سب سے بڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم مانا جاتا ہے اور کمپنی کا دعوا ہے کہ ان کے ماہانہ سرگرم صارفین کی تعداد دو اعشاریہ سات ارب ہے جبکہ کروڑوں دیگر فیس بک کے دیگر پلیٹ فارم واٹس ایپ اور انسٹاگرام بھی استعمال کرتے ہیں۔

فیس بک کو شدید تنقیدوں کا سامنا رہا ہے اور اس پر الزام ہے کہ اس نے صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے اور غلط معلومات کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز ہونے والے امریکی سینٹ کے اجلاس میں ملک کی دونوں سیاسی جماعتوں ڈیموکریٹک پارٹی اور ریپبلکن پارٹی کے اراکین اس بات پر متفق نظر آئے کہ کمپنی میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ تعلیم و تربیت کے ماہرین سوشل میڈیا اور بالخصوص فیس بک کے بچوں پر پڑنے والے برے اثرات کی بابت انتباہات دے چکے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ مختلف اخلاقی و سماجی خطرات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ان کے والدین یا سرپرستوں کا سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر انکی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ایک لازمی امر ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242