اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
منگل

10 اگست 2021

8:16:56 AM
1168253

اہل بیت(ع) ایسوسی ایشن پرتگال کے زیر اہتمام امام خمینی(رہ) کی شخصیت پر بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد

اہل بیت(ع) ایسوسی ایشن پرتگال کے زیر اہتمام امام خمینی(رہ) کی شخصیت پر ایک بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں کئی ممالک کے اسکالرز اور مذہبی شخصیات نے حصہ لیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) ایسوسی ایشن پرتگال کے زیر اہتمام امام خمینی(رہ) کی شخصیت پر ایک بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں کئی ممالک کے اسکالرز اور مذہبی شخصیات نے حصہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق، ایران سے مجمع جہانی تقریب مذاہب کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حامد شہریاری نے اس ویبینار میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: امام خمینی (رہ) امت اسلام کے لیے عظیم مصلح تھے انہوں نے اسلامی فکر کے ذریعے اسلامی امت کے وقار کو زندہ کیا آپ دین اسلام اور مکتب اہل بیت(ع) کے عظیم رہنما تھے۔
انہوں نے بارگاہ رب العزت سے امام راحل کے لیے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا: ہم اہل بیت(ع) ایسوسی ایشن پرتگال کا اس ویبینار کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر شہریاری نے امام خمینی (رہ) کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ نے پوری زندگی لبرل اور مادیت پسندانہ نظریات کے خلاف اور مظلوم و بے سہارا لوگوں کی حمایت میں جد و جہد کرتے ہوئے گزار دی۔
امریکہ سے حجت الاسلام مولانا قیصر عباس نے منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی (رہ) کی زندگی کو تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا اور کہا کہ انقلاب اسلامی کی روشنی نے پوری دنیا کو منور کیا اور دین کو گوشہ و کنارے سے نکال کر انسانی معاشروں کی اجتماعی اور سماجی زندگی کا حصہ بنا دیا۔
آسٹریلیا سے حجت الاسلام سید ابوالقاسم رضوی نے کہا کہ امام خمینی (رہ) دنیا کی بڑی طاقتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے، اور ضعیف اور کمزور طبقہ لوگوں کا سہارا بنے۔ یہ انقلاب صرف ایران کے لیے نہیں ہے بلکہ تمام عالم انسانیت کے لیے ہے اور دنیا نے اسے تسلیم بھی کیا ہے۔ آج ہم سب کو امام خمینی (رہ) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دنیا کے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
چرچ آف انگلینڈ کے فادر فرینک گیلی نے ویبینار سے گفتگو کرتے ہوئے امام خمینی(رہ) کو ایک ایسا انسان قرار دیا جس نے مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو بھی متاثر کیا انہوں نے کہا کہ ایرانی انقلاب صرف ایرانیوں کے لیے نہیں تھا یہ تمام مسلمانوں اور غیر مسلمانوں کے لیے بھی تھا اور میں اپنے آپ کو انہیں میں سے ایک سمجھتا ہوں۔
روس سے تعلق رکھنے والی اسلامی اسکالر فاطمہ اناستاسیہ ایزوا (Fatima Anastasia Ezhova) نے امام خمینی (رہ) کی شخصیت پر منعقدہ اس ویبینار میں گفتگو کرتے ہوئے اہل بیت(ع) ایسوسی ایشن پرتگال کا اس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امام خمینی(رہ) کثیر الجہتی شخصیت کے مالک تھے، وہ ایک ہی وقت میں عظیم فلسفی، عظیم فقیہ، عظیم عارف اور ایک بڑے سیاست داں بھی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی نے ہمیں صحیح راستہ دکھایا وہ راستہ جو انسانیت کی اصلاح کے لیے ہے جو دنیا کے مظلوموں کی حمایت کے لیے ہے۔


ویبینار سے گفتگو کرتے ہوئے آخر میں محمد مستحسن ہاشمی نے کہا کہ امام خمینی نے انقلاب اسلامی کو کامیاب بنانے کے لیے جہاں دیگر بے شمار مشکلات کا سامنا کیا وہاں جلاوطنی کی زندگی بھی گزاری۔ ترکی، کویت، عراق اور فرانس جیسے ملکوں میں شہنشاہ وقت رضا شاہ پہلوی نے انہیں جلا وطن کر کے یہ سوچا کہ اب اسلامی انقلاب کی تحریک کا خاتمہ ہو جائے گا، مگر تحریک نہ صرف ختم نہیں ہوئی بلکہ اس میں مزید جوش و خروش پیدا ہوا اور آخر کار 1978 کو امام خمینی نے پیرس سے واپس تہران پہنچ کر اسلامی انقلاب کی تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا اور ایران میں اسلامی حکومت کا قیام عمل میں لایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی نے نہ صرف ایرانی معاشرے کو بدلا بلکہ مشرق وسطیٰ کی جہت کو تبدیل کرکے رکھ دیا اور دنیا میں اسلام کی حقیقی تصویر متعارف کروا دی۔
انہوں نے آخر میں اہل بیت (ع) ایسوسی ایشن پرتگال کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی(رہ) وہ واحد رہنما تھے جنہوں نے رنگ، نسل، مذہب اور سرحد کا لحاظ کئے بغیر دنیا کے مظلوم لوگوں کو آواز دی اور انہیں عالمی سامراج کے خلاف اٹھ جانے اور اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کرنے کی دعوت دی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲