اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
جمعہ

25 جون 2021

9:07:02 AM
1153652

رہبر انقلاب اسلامی نے آج ایران کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے لی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے آج پچیس جون بروز جمعہ ایران میں تیار کی کئی کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے لی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی کے دفتری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ایرانی سائنسدانوں کی تیار کردہ ’کوو ایران برکت‘ نامی کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے لی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کووایران برکت ویکسین کی پہلی ڈوز لگوانے کے بعد، ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی علمی صلاحیتوں، تجربات اور کوششوں کے ذریعے ویکسین تیار کی اور یہ قابل فخر قومی کارنامہ انجام دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایک بار پھر فرمایا کہ چند ماہ پہلے مجھ سے ویکسین لگوانے کے لیے اصرار کیا جا رہا تھا لیکن میں نے واضح کر دیا تھا کہ میں غیرملکی ویکسین نہیں لگواؤں گا اور ایرانی ویکسین کا انتظار کروں گا کیونکہ ہمیں قابل فخر قومی کاموں کی پوری پاسدارای کرنا چاہیے۔

آپ نے فرمایا کہ جب اندرون ملک بچاؤ اور علاج کا امکان موجود ہے تو اس کو کیوں نہ استعمال کیا جائے۔ آپ نے فرمایا کہ البتہ ضرورت پڑنے پر، ایرانی ویکسین کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ویکسین کے استعمال میں کوئی حرج نہیں۔ لیکن ہمیں ایرانی ویکسین کی قدر کرنا چاہیے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایرانی ویکسین لگوانے کے علاوہ میرا اصرار تھا کہ میری باری آنے پر ہی مجھے ویکسین لگائی جائے اور آج الحمداللہ اسّی سال سے زائد عمر کے اور میرے ہم عمر، بیشتر افراد ویکسین لگوا چکے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ویکسین سے متعلق سائنسی دستاویزات کو رجسٹرڈ کرنے اور مقالات کی اشاعت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ایک طاقتور، تیز اور بروقت ویکسین کی تیاری کے ساتھ ساتھ ، اپنے اس عظیم کارنامے سے متعلق سائنسی اسناد اور مقالات کو دنیا کے سامنے لایا جانا ضروری ہے۔

اس موقع پر ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی اور امام خمینی سے موسوم فلاحی و تحقیقاتی ادارے (Executive Headquarters of Imam's Directive) کے سربراہ محمد مخبر بھی موجود تھے۔ ’کوو ایران برکت‘ نامی کورونا ویکسین مذکورہ ادارے سے وابستہ ’برکت‘ فاؤنڈیشن نے تیار کی ہے جسکی پہلی ٹرائل ڈوز کو محمد مخبر نے اپنی بیٹی پر آزمایا تھا۔

وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کا مقابلہ کئے جانے کے تعلق سے رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے کی جانے والی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کا ایک گروپ ملک میں تیار کی جانے والی ویکسین کے سائنٹفک نتائج مرتب کرنے میں مصروف ہے اور عالمی اداروں کو عنقریب یہ دستاویز ارسال کردی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ کوو ایران برکت نامی ویکسین ایران کے نوجوان سائنسدانوں کی علمی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور حال ہی میں اس کے استعمال کا پروانہ جاری کیا گیا ہے۔ کوو ایران برکت کے استعمال کا پروانہ جاری ہونے کے بعد ایران ، کورونا ویکسین تیار کرنے والے دنیا کے چھے ملکوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲