اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
جمعہ

26 مارچ 2021

7:29:25 PM
1126570

مصر میں دو ٹرینوں کے ٹکراؤ سے 32 افراد جانبحق

مصر کے شہر سوہاج میں دو ٹرینیں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو پیش آنے والے واقعے میں ٹرینوں کی بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں جبکہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر مذکورہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مذکورہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد مسافروں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ متعدد کا خون بہہ رہا ہے۔

واقعے کے بعد مصر کی وزارت صحت کے جاری بیان کے مطابق واقعے میں 32 افراد جاں بحق اور 66 زخمی ہوگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 50 افراد کو قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ نامعلوم فرد کی جانب سے ایمرجنسی بریک استعمال کیے جانے کے بعد ٹرینیں ٹکرا گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی بریک کی وجہ سے ایک ٹرین رک گئی جبکہ دوسری ٹرین، جو اس کے پیچھے آرہی تھی، اس سے ٹکرا گئی، حکام کا کہنا تھا کہ حکام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

دوسری جانب پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں رائٹرز کے حوالے سے بتایا گیا کہ نامعلوم سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ٹرینوں کی رفتار کم تھی جس کی وجہ سے صرف دو بوگیوں کو نقصان پہنچا۔

بعد ازاں مصر کے صدر جنرل سیسی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری بیان میں کہا کہ ‘واقعے کے ذمہ داران، چاہے وہ غفلت یا بدعنوانی کے مرتکب ہوئے ہوں یا ایسی ہی کسی اور چیز کے ذمہ دار ہوں، انہیں فوری سزا دی جائے گی'۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ملک کے وزیراعظم مصطفیٰ مادبولی کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر صحت کے ساتھ جائے حادثہ کا دورہ کریں۔

واضح رہے کہ مصر میں دنیا کا سب سے پرانا اور بڑا ریلوے نظام موجود ہے جہاں اس قسم کے حادثات معمول ہیں۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں 2017 میں ایک ہزار 793 ریلوے حادثات ہوئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲