اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : سحر ٹی وی
منگل

20 اکتوبر 2020

12:08:30 PM
1079604

امریکہ کی طرف سے سوڈان کو بلیک لیسٹ سے نکالنے کی وجہ سامنے آ گئی

امریکی صدر کی جانب سے سوڈان کو بلیک لسٹ سے نکالنے کی اصل وجہ سامنےآ گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سوڈان دہشتگردی کے شکار امریکیوں کو ہرجانہ ادا کردے تو دہشتگرد ملکوں کی فہرست سے نکال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان کی نئی حکومت 335 ملین ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے پر تیار ہوگئی ہے۔

سوڈان کے وزیر اعظم نے اس خبر کے بعد کہا کہ وہ اس کا انتظار کر رہے ہیں کہ امریکی صدر ٹرمپ امریکی کانگریس میں دہشتگرد ملکوں کی فہرست سے سوڈان کے نام کو نکالنے کی تجویز کب پیش کریں گے۔

سوڈان کافی عرصے سے اس کوشش میں تھا کہ اس کا نام دہشتگرد ملکوں کی فہرست سے نکال دیا جائے تاہم امریکہ نے یہ شرط عائد کی تھی کہ سوڈان پہلے اسرائیل کو تسلیم کرے پھر اس کا نام  دہشتگرد ملکوں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا جبکہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کئے جانے کے بعد سوڈان کی حکومت نے بھی حامی بھر لی کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار کرے گا تاہم سوڈان کے عوام اس کے مخالف ہیں۔

سوڈان پر اسرائیل کے ساتھ روابط کی برقراری کیلئے امریکہ کا دباؤ ایسے میں جاری ہے کہ جب سوڈان کی  مجمع فقہ اسلامی نے اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے روابط کی برقراری کو حرام قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت اور متحدہ عرب امارات اور بحرین نے 13 اگست کو باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے جس کی عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی۔

یاد رہے کہ امریکہ نے دہشتگرد گروپوں کی پشت پناہی کرنے پر 1993 میں سوڈان کو دہشتگرد ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲