اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
بدھ

19 اگست 2020

5:37:58 PM
1064137

آیت اللہ تسخیری کے انتقال پرملال پر علامہ سید مختار حسین جعفری کا پیغام تسلیت

حجۃ الاسلام و المسلمین مختار حسین جعفری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آیت اللہ تسخیری انتہائی بااثر شخصیت کے مالک تھے اور مذہب تشیع کے فروغ میں انہوں نے انتھک خدمات انجام دی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی مجلس اعلیٰ کے رکن آیت اللہ محمد علی تسخیری کے انتقال پر ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں واقع حوزہ علمیہ امام محمد باقر (ع) کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری نے تعزیتی پیغام دیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم مغفور انتہائی بااثر شخصیت کے مالک تھے اور مذہب تشیع کے فروغ میں انہوں نے انتھک خدمات انجام دی ہیں۔

پیغام کا متن درج ذیل ہے:


بسم اللہ الرحمن الرحیم۔

انا للہ و انا الیہ راجعون۔

آیۃ اللہ محمد علی تسخیری کے انتقال پر ملال کی خبر سن کر دل کو بہت بڑا صدمہ پہنچا، ایک انتہائی بلند و بالا شخصیت کے مالک انقلاب اسلامی ایران کے رکن اور بہت سارے مذہبی اداروں کے سرپرست آیۃ اللہ تسخیری ایک انتہائی بااثر شخصیت تھے کہ جنہوں نے پوری دنیا میں شیعیت کے فروغ کے لئے نا قابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔
آیۃ اللہ تسخیری انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک، نہایت ہی شفیق و مہربان تھے اور ہر چار سال بعد مجمع جھانی اہلبیت کی طرف سے منعقد ہونے والی کانفرنسوں میں متعدد بار آیۃ اللہ تسخیری سے ملاقات کا شرف حاصل ہوتا رہا ہے اور بار بار ان کی نصیحتوں سے فیضیاب ہوتے رہے ہیں۔
 پروردگار متعال کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ اس عظیم الشان شخصیت کے درجات کو بلند و بالا فرمائے اور انہیں جوار ائمہ معصومین علیھم السلام میں جگہ عنایت فرمائے اور ان کی خدمات کا بہترین صلہ انہیں عطا فرمائے۔
اس عظیم فقدان کے سلسلے میں ہم سب سے پہلے امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خدمت میں تسلیت پیش کرتے ہیں اور اس کے بعد مقام معظم رہبری اور مراجع کرام اور دیگر علمائے کرام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں کہ جو ان کے فقدان سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کے پسماندگان کے لئے بارگاہ خداوندی میں دعا گو ہیں کہ وہ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے اور اجر جزیل سے نوازے اور ان کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے خداوند متعال امام زمانہ کے صدقے میں اس خلا کو پر کرے۔

مدیر حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام

سید مختار حسین جعفری

۱۹ اگست ۲۰۲۰

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲