اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : اسلام ٹائمز
پیر

6 جولائی 2020

5:25:32 PM
1053044

اسماعیل ہنیہ کے نام رہبر انقلاب کا خط؛

ایران فلسطینی عوام کی مدد کرنے سے کوئی دریغ نہیں کرے گا: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی ایران نے مزید فلسطینی اراضی کے قبضے پر مبنی مذموم صیہونی الحاقی منصوبے کی شکست کے حوالے سے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ کے نام ایک خط ارسال کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی جانب سے 2 روز قبل فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ کے نام ارسال کیا گیا یہ خط، حماس کے مرکزی رہنما اسعیل رضوان کی جانب سے عرب نیوز چینل المیادین کو دیئے گئے انٹرویو میں منظر عام پر لایا گیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے خط کا متن یہ ہے:

4 جولائی 2020ء
 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
 
    عزیز برادرِ مجاہد جناب اسمعیل ہنیہ (دامت توفیقاتہ)
    سربراہ شعبہ سیاسی حماس

    سلام علیکم

    فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے بارے لکھا گیا جنابعالی کا خط میں نے بغور ملاحظہ کیا ہے۔ اس بات پر کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے امریکہ و صیہونی رژیم کی سازشوں کے مقابلے میں اپنی جدوجہد اور قیام کے ذریعے اُن (امریکہ و اسرائیل) کی کمزوری اور امت اسلامی کی عزت و سربلندی کے اسباب فراہم کئے ہیں، خداوند سبحان کا شکر بجا لاتا ہوں اور آپ بہادر مجاہدین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

     گھٹیا (صیہونی) دشمن جو جنگ کے میدان میں ناقابل مداوا شکست کھا چکا ہے، قبضے اور فلسطینی مسلمانوں کے حقوق غصب کرنے کی اپنی حکمت عملی کو پہلے مظلوم غزہ پر اقتصادی دباؤ ڈال کر اور اس کا شدید محاصرہ کر کے اور پھر مذاکرات و امن منصوبوں کے فریب کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش میں ہے تاہم مزاحمتی محاذ اور بہادر فلسطینی قوم نے عقلی اصولوں اور تجربے کے ذریعے اُن کے دھمکیوں اور لالچ پر مبنی منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔ آج فلسطینی قوم نے حسب سابق اپنے بیمثال قیام کے ذریعے ایک مرتبہ پھر عزت و شرف کا رَستہ نمایاں کر دیا ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی اسی "صراطِ مستقیم" پر اپنی حرکت جاری رکھے گی۔ فلسطینی عوام اور تحریکوں کا بیدار، متحد اور ایکدوسرے کے ساتھ جڑے رہنا، جو ہمیشہ دشمن کی منحوس سازشوں کو ناکام بنانے میں موثر واقع ہوا ہے، الہی نصرت کا (اصلی) سبب ہے۔

حسب سابق، اسلامی جمہوریہ ایران اپنا دینی و انسانی وظیفہ اور اسلامی انقلاب کا ایک قیمتی اصول جانتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام کی مدد، انکے حقوق واپس دلوانے اور جعلی و غاصب صیہونی رژیم کے شر کو دفع کرنے کی خاطر اپنی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔ خدا سے دعاگو ہوں کہ وہ آپ کی عزت اور طاقت میں مزید اضافہ کرے۔ والسلام علیکم و رحمۃ اللہ۔
سید علی خامنہ ای

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲