اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Mehrnews
اتوار

26 اپریل 2020

7:56:53 AM
1029966

نائجیریا کی68 سالہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دے دیا

نائجیریا سے تعلق رکھنے والی 68 سالہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دے دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نے سی این این کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نائجیریا سے تعلق رکھنے والی 68 سالہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دے دیا۔ اطلاعات  کے مطابق 4 بار آئی وی ایف طریقہ علاج کے بعد خاتون کے ہاں بیٹے اور بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مارگریٹ اڈینگا ماضی میں 3 مرتبہ آئی وی ایف کا عمل کروا چکی ہیں جو کہ ناکام رہے، تاہم چوتھی بار یہ عمل کامیاب ہوا اور انہیں اور 77 سالہ شوہر نوح اڈینوگا کو جڑواں بچے ہونے کی خوشی نصیب ہوئی۔ نوح اڈینوگا نے سی این این کو بتایا کہ ان کی اور مارگریٹ کی 1974 میں شادی ہوئی تھی اور یہ دونوں ہمیشہ سے چاہتے تھے کہ ان کی اپنی اولاد ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی وی ایف کے عمل کی ناکامی کے بعد بھی ان دونوں نے ہمت نہیں ہاری۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں بہت زیادہ خواب دیکھتا ہوں اور مجھے یقین تھا کہ ایک دن ہمارا یہ خواب ضرور پورا ہوگا"۔ رپورٹ کے مطابق بچوں کی پیدائش آپریشن سے ہوئی۔ ڈاکٹرز نے میڈیا کو بتایا کہ اس عمر میں مارگریٹ کے ہاں بچوں کی پیدائش حیران کن ہے۔ واضح  رہے کہ گزشتہ سال بھارت سے تعلق رکھنے والی 73 سالہ خاتون نے آئی وی ایف کے عمل کے بعد دو جڑواں بچیوں کو جنم دیا تھا، بڑی عمر میں بچوں کی پیدائش کا ریکارڈ بھی ان ہی کے نام ہے۔