7 جنوری 2020 - 05:06
پاکستان میں امریکی سفارتکاروں اور شہریوں کو انتباہ

امریکہ نے اپنے شہریوں اور سفارتکاروں کو پاکستان کا سفر کرنے کی بابت انتباہ دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو شہید کرنے کے امریکہ کے دہشتگردانہ اقدام پر پاکستانی عوام میں پائے جانے والے غم و غصے کے پیش نظر امریکی سفارتخانے نے پیر کو ایک بیان جاری کر کے پاکستان میں اپنے شہریوں اور سفارتکاروں کو تا اطلاع ثانی اپنی رہائش گاہوں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

استقامتی محاذ کے مجاہدین کو شہید کرنے کے امریکی اقدام کے بعد پاکستان کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور گذشتہ چند دنوں کے دوران اسلام آباد و کراچی سمیت اس ملک کے مختلف علاقوں میں امریکہ مخالف مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔

مظاہرین نے احتجاجی مظاہروں میں امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور دہشتگرد امریکی فوجیوں کو دھمکی دی کہ وہ پاکستان میں کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔

اس وقت اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ اور پاکستان کے مختلف شہروں کراچی، پیشاور اور لاہور میں امریکی قونصلخانوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے بعد امریکی حکام پرخوف و وحشت طاری ہے اور انھوں نے پاکستان سمیت اسلامی ممالک میں اپنے سفارتکاروں کو اپنی جان کی حفاظت کے بارے میں خبردار کیا ہے۔



/129