اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ آستان قدس رضوی کے اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کے شعبہ فقہ و اصول کے شعبے کے سربراہ حجت الاسلام مہدی شریعتی تبار نے کہا ہے کہ نہج البلاغہ کا اکتیسواں خط جو ایک تربیتی خط ہے نوجوانوں کے تربیتی اور مذہبی مسائل کی اہمیت کو واضح کرتا ہے
حجت الاسلام شریعتی تبار نے ماہ محرم کے تیسرے عشرے میں" اسلامی انقلاب کا دوسرا قدم اور اس کا نظریہ ، نہج البلاغہ کے زاوئیے سے" کے زیرعنوان منعقدہ ایک پروگرام میں آستان قدس رضوی کے اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن سے وابستہ محققین اور اسکالروں سے خطاب میں کہا کہ ہماری نوجوان نسل ملک کے لئے ایک گرانبہا سرمایہ ہے اور اسی لئے رہبر انقلاب اسلامی نے بھی انقلاب کے دوسرے قدم کےنام سے اپنے اہم بیان میں نوجوانوں کے سلسلے میں بہت تاکید کی ہے اور اسے خصوصی اہمیت دی ہے۔ اس بیان میں وہ جگہ جگہ پرنو جوانوں کو مخاطب کرتے نظر آتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا: نہج البلاغہ کا اکتیسواں خط ، وہ خط ہے جسے امیرالمؤمنین (ع) نے جنگ صفین سے واپسی میں اپنے فرزند امام حسن (ع) کو تحریر کیا تھا اور بلا شک اگرچہ آپ امام حسن مجتبی (ع) سے خطاب کر رہے تھے لیکن یہ صرف امام حسن علیہ السلام کے لیے نہیں تھا بلکہ حضرت علی (ع) نے اس میں ہردورکے نوجوانوں کو اپنا مخاطب قرار دیا ہے۔
حجت الاسلام شریعتی تبار نے اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ امام حسن مجتبی (ع) ہم شیعوں کے امام اور رہبر ہیں ، انہیں مقام عصمت ، علم لدنی اور الہی علم حاصل تھا اور انہیں اخلاقی نصیحتوں اور صحیح و غلط بتائے جانے کی ضرورت نہیں تھی لہذا حضرت علی (ع) نے نہج البلاغہ کے اکتیسویں خط میں جو اخلاقی نصیحتیں کی ہیں وہ دراصل تمام لوگوں کے لیۓ ایک یاد دہانی اور درس ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان کا مقام جتنا زیادہ خدا سے نزدیک ہوتا ہے اسی لحاظ سے اس کی ذمہ داریاں بھی زیادہ سنگین ہوتی ہیں ، امام علی علیہ السلام نے یہ خط تمام نوجوانوں کو نصیحت کرنے اور انہیں سمجھانے کے لیے لکھا ہے۔
حجت الاسلام شریعتی تبار نے کہا کہ نہج البلاغہ کا اکتیسواں خط ، انسان اور حادثات زمانہ، خودسازی کے مراحل، سماجی اخلاقیات، بچّوں کی تربیت میں سبقت وہوشیاری ، خاص طورطریقوں کا اہتمام ، اولاد کی تربیت کے معیار ، سماج میں معنویت اورآخرت سے متعلق باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت اور آخرت کے لئے اثاثہ اور توشہ جمع کرنے جیسے ، بہت سے دیگر موضوعات کو خود میں سمیٹے ہوئے ہے۔
/129
29 ستمبر 2019 - 05:43
News ID: 978924
آستان قدس رضوی کے اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کے شعبہ فقہ و اصول کے شعبے کے سربراہ حجت الاسلام مہدی شریعتی تبار نے کہا ہے کہ نہج البلاغہ کا اکتیسواں خط جو ایک تربیتی خط ہے نوجوانوں کے تربیتی اور مذہبی مسائل کی اہمیت کو واضح کرتا ہے