اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا: پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کے فوری انخلا کو خطرناک قرار دے دیا۔ لندن میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے امریکی انخلا سے قبل باقاعدہ حکمت عملی کے فقدان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مناسب حکمت عملی اور ڈھانچے کے بغیر انخلا خطرناک ہو سکتا ہے تاہم کوئی بھی افغانستان میں افراتفری، بدنظمی اور خانہ جنگی نہیں چاہتا۔
پاکستان میں افغان مہاجرین کی موجودگی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 20 لاکھ 70 ہزار مہاجرین ملک میں موجود ہیں اور ان کی باعزت واپسی چاہتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے افغان مہاجرین کی مزید آمد کو ملک کے لیے نامناسب قرار دیا اور کہا کہ ہم ایک اور انفلکس نہیں چاہتے۔
افغانستان میں امن مذاکرات سے متعلق قطر اور دوحہ میں جاری دوروں پر انہوں نے طالبان کی جانب سے امریکی انخلا کی پیشگی شرائط کو قطعی مسترد کردیا اور کہا کہ سب کچھ مزاکرات کی میز پر ہے۔