31 جنوری 2019 - 18:35
پاکستان میں تمام مذہبی رہنما ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں، مولانا عاصم مخدوم

کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین کا صوبائی وزیر انسانی حقوق پنجاب سے ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگ برابری کی بنیاد پر رہتے ہیں، مسالک و مذاہب کے درمیان اتحاد کو فروغ دے کر ہی ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین سے کل مسالک علماء بورڈ کے سربراہ مولانا محمد عاصم مخدوم کی قیادت میں وفد کی ملاقات، بین المذاھب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سول سیکرٹریٹ کے منسٹر بلاک میں صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین سے ہونیوالی ملاقات میں علماء کرام نے تمام مذاہب اور مسالک کے علماء کرام کیساتھ ملکر چلنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر سربراہ کل مسالک علماء بورڈ مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگ برابری کی بنیاد پر رہتے ہیں اور پاکستان میں تمام مذہبی رہنما ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسالک و مذاہب کے درمیان اتحاد کو فروغ دے کر ہی ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ علماء کرام نے ہمیشہ تمام مذاہب کو اکھٹا کرکے بھائی چارے اور امن کا پیغام دیا ہے، ملاقات میں مولانا سلیمان شاکر، قاری احمد شکیل صدیقی، مولانا اصغر عارف چشتی، مولانا یونس ریحان، ڈاکٹر بدر منیر سیفی و دیگر شامل تھے۔

۔۔۔۔۔

/169