3 جنوری 2019 - 13:19
پاکستانی حکومت کا ای سی ایل میں شامل 172 افراد کا نام فوری طور نہ نکالنے کا فیصلہ

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ای سی ایل میں شامل کیے گئے 172 افراد کے نام فوری طور پر نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ای سی ایل میں شامل 172 افراد کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور قانونی ماہرین نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے فوری طور پر تمام افراد کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ای سی ایل میں شامل افراد کا کیس بائی کیس جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ای سی ایل میں شامل ہر شخص کا الگ جائزہ لیا جائے گا۔جائزہ مکمل ہونے پر کچھ ناموں کو ای سی ایل سے نکالا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 31 دسمبر جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔چیف جسٹس پاکستان نے وزیرمملکت برائے داخلہ کو ہدایت کی تھی کہ ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں پر نظرثانی کی جائے۔

.......

/169