22 دسمبر 2018 - 14:42
پاکستان میں دھشتگرد تنظیم کے ۴ عناصر گرفتار

پاکستان کے شہر ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی نے کالعدم دہشتگرد تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈیرہ غازی خان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت القاعدہ سے ہے۔ دہشت گردوں کی شناخت سجاد، امتیاز، احمد معاویہ اور عباس کے نام سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف حساس تنصیبات اور افسران تھے جب کہ ان کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ، نقدی اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

ادھرپاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 14 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 14 دہشت گردوں کی سزائے موت جب کہ 20 دہشت گردوں کی مختلف مدت کی سزاؤں میں توثیق کردی، دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں جب کہ دہشت گردوں نے جوڈیشنل مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں اور تعلیمی اداروں پر حملوں میں ملوث تھے، دہشت گردوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں 13 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ گرفتار دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲