اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ (سرینگر) سانحہ انہدام جنت البقیع مدینۃ المنورہ کی برسی کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے اہتمام سے خانقاہ میر شمس الدین اراکیؒ جڈیبل سرینگر میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان محمد و آل محمدؐ نے شرکت کی۔ تنظیم کے مرکزی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی اور مزار بقیہ مدینۃ المنورہ کی تاریخی اہمیت اور مقام و منزلت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مزار بقیع کی شان رفتہ اور اس مقدس قبرستان سے قرون اولیٰ کے مسلمانوں کی عقیدت و احترام پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت آل سعود کے ہاتھوں مزار بقیع کی مسماری امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرنے کی بدترین کڑی تھی جس کی مثال تاریخ اسلام میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مزار بقیع میں اہلبیت و اصحاب نبی ؐ اور شہدائے اسلام کے مرقد ہائے مقدسہ کی انہدامی بنیادی طور پر یہود و نصاریٰ کی دیرینہ سازش کا نتیجہ تھا تاکہ عالم اسلام کے مرکز حجاز مقدس میں بتدریج اسلامی آثار اور مقامات مقدسہ کو نابود کرنے کی راہ ہموار کی جاسکے۔ آغا حسن نے کہا کہ مزار بقیع میں ان منہدم کردہ مقدسات کی از سر نو تعمیر پوری ملت کا مطالبہ اور دلی آرزو ہے۔ اس سلسلے میں کئی دہائیوں سے عالم اسلا م میں آواز بلند ہورہی ہے لیکن حکومت آل سعود اس ناگزیر ملی تقاضے کو پورا کرنے سے برابر انکار کررہی ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ حکومت آل سعود کو منہدم کردہ مقدسات کی تعمیر نو کے امت مسلمہ کے مطالبے کو پورا کرکے اخوت المسلمین کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اسلامی ممالک کو ان مقدسات کی تعمیر نو کی اجازت دینے میں مذید تاخیر نہیں کرنا چاہیے۔ اس موقعہ پر عالم اسلام کے امن و سلامتی اور دنیا بھر میں اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے برسر جدوجہد مظلومین کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲