30 جنوری 2018 - 18:00
فلسطین؛ بیت اللحم میں امریکی وفد کی موجودگی کے خلاف شدید احتجاج

فلسطینیوں نے غرب اردن کے شہر بیت لحم میں ایوان صنعت و تجارت کے باہر احتجاجی اجتماع کر کے اس ایوان میں امریکی وفد کی موجودگی پر شدید احتجاج کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطینیوں نے غرب اردن کے شہر بیت لحم میں ایوان صنعت و تجارت کے باہر احتجاجی اجتماع کر کے اس ایوان میں امریکی وفد کی موجودگی پر شدید احتجاج کیا۔

امریکی وفد کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فلسطینیوں نے ایوان صنعت و تجارت کے باہر اجتماع کیا اور امریکا کے خلاف نعرے لگانے کے ساتھ ہی وہاں موجود امریکی وفد کی جانب، جوتے اور انڈے پھینکے-

فلسطینی مظاہرین نے ٹرمپ کی مخاصمانہ پالیسیوں اور بیت المقدس کے بارے میں ان کے شیطانی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے ٹرمپ کے خلاف بھی شدید نعرے لگائے-

مظاہرے میں شریک فلسطیینوں کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے حالیہ فیصلے کے بعد اب امریکا کا پوری طرح بائیکاٹ کیا جانا چاہئے-

میڈیا رپورٹوں کے مطابق جس وقت بیت لحم کے ایوان صنعت و تجارت سے امریکی وفد باہر نکلا اس موقع پر فلسطینیوں اور امریکیوں میں جھڑپ بھی ہوئی-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲