اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سعودی ولی عہد بن سلمان کی جانب سے کرپشن کے بہانے گرفتار دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے عرب شہزادے طلال بن ولید کو اپنی رہائی کے بدلے 6 ارب امریکی ڈالر (6 کھرب سے زائد پاکستانی روپے) ادا کرنے ہونگے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کرپشن کیس سے جڑے سعودی عرب کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بن سلمان نے شہزادہ طلال بن ولید سے رہائی کے بدلے پیسے طلب کیے ہیں۔
بن سلمان کی جانب سے بن طلال کو ایسے اشارے دیے گئے ہیں کہ وہ نقد رقم دے کر خود کو آزاد کرکے اپنے 25 سالہ کاروبار کو ختم ہونے سے بچا سکتے ہیں جب کہ انھیں آزادی کے بدلے 6 ارب امریکی ڈالر ادا کرنے ہونگے۔
واضح رہے کہ کرپشن کے الزام میں گرفتار ہونے والے سعودی شہزادے کا شمار دنیا کی ابتدائی 50 امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے ان کے کل اثاثہ جات کی مالیت 19 ارب ڈالر ہے۔ شہزادے نے نامور کمپنیوں جیسے ایپل، سٹی گروپ وغیرہ میں سرمایہ کاری کررکھی ہے۔
یاد رہے کہ بن سلمان نے گزشتہ ماہ کے آغاز میں تخت شاہی تک پہنچنے اور اس حوالے سے موجود رکاوٹیں دور کرنے کی غرض سے کرپشن کے بہانے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 11 شہزادوں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کیا تھا اور ان میں شہزادہ طلال بن ولید بھی شامل تھے۔ وہ 5 نومبر سے سعودی حکومت کی قید میں ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲