اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین کا ایک اجلاس تنظیم کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں صدر دفتر پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماہ میلاد النبیؐ کی خصوصی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ان تقریبات میں جوق در جوق شرکت کریں۔ اس موقع پر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شام اور عراق میں تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے مکمل خاتمے پر اطمینان کا ظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام اور امت مسلمہ کے باہمی اتحاد و اخوت کیلئے ایک نیک شگون قرار دیا۔اس بدترین اسلام اور انسانیت دشمن گروہ کے وجود سے اپنی سرزمینوں کو پاک کرنے پر عراق اور شام کی قوم و قیادت ، فوج ، رضاکار مجاہدین بالخصوص رہبر معظم حضرت امام خامنہ ای مدظلہ کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ ان ممالک میں تکفیری خونخوار گروہ کی نابودی حقیقت میں امریکہ اسرائیل اور ان کے حلقہ بگوش آلہ کاروں کی بدترین اسلام دشمن سازش کا خاتمہ ہے جو امت مسلمہ کیلئے باعث مسرت ہے تاہم تکفیری دہشتگرد جماعت داعش نے انسانیت کے خلاف جن سنگین جرائم کا ارتکاف کیا ہے اس کی تلخیاں کافی دیر تک محسوس کی جائیں گی۔ آغا صاحب نے مصر میں نماز جمعہ کے اجتماع پر دہشتگردانہ حملے میں وسیع پیمانے پر ہوئی نمازیوں کی شہادتوں پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس جرم کے مرتکب درندوں سے بدتر ذہنیت کے انسان ہیں۔
رہبر معظم حضرت امام خامنہ ای کی شان میں گستاخی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ جو لوگ تکفیری دہشتگرد جیسے بدترین انسانیت دشمن گروہ کی فکری سرپرستی کررہے ہوں انہیں حضرت امام خامنہ ای جیسے مدبر اور انسانیت نواز کے کردار پر انگلی اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے۔آغا صاحب نے سلسلہ امامت کی گیارویں کڑی حضرت امام حسن عسکریؑ کے یوم شہادت کے حوالے سے امام عالی مقام کے سیرت و کردار کے کئی گوشوں کی وضاحت کی ۔اس موقعہ پر آغا صاحب نے کشمیری صحافت کے دو عظیم ستونوں خواجہ ثناء اللہ اور صوفی غلام محمد کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موصوفان کی صحافتی خدمات کو کشمیری محکوم عوام کیلئے سرمایہ افتخار قرارد یا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲