اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پشاور دھماکے میں خیبر پختونخواہ کے ایڈیشنل آئی جی اشرف نور اور ان کے گین مین کی شہادت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اپنی کاروائیوں کا رخ قانون نافذ کرنے والوں کی طرف موڑ دیا ہے ۔بلوچستان اور کے پی کے میں پولیس کے اعلی افسران کو نشانے بنا کر دہشت گرد اپنی موجودگی کو ثابت کر رہے ہیں۔لشکر جھنگوی کی طرف سے پشاور واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنادہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے حکومتی دعووں کی نفی اور سیکورٹی اداروں کو واضح پیغام ہے ۔ارض پاک میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ انتہا پسند عناصر کی بیخ کنی سے مشروط ہے۔دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں۔ قومی امن و سلامتی کے لئے ضروری ہے کہ دونوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عسکری اور ریاستی اداروں کی کوششوں تب ہی ثمر آور ثابت ہوں گی جب انہیں سیاسی مداخلت اور دباؤ سے دور رکھا جائے۔ سیاسی مفادات کے حصول کے لیے انتہا پسند جماعتوں کے ساتھ ہمدردانہ روابط وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں میں حصہ داری ہے۔تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ ایسے عناصر کے ساتھ لچک کا مظاہرہ کرنے کی بجائے ملک و قوم کے مفادات کومقدم رکھیں۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کا کردار حوصلہ افزا ہے تاہم ان کالی بھیڑوں کا محاسبہ بھی ضروری ہے جو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو ناکام بنانے چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت اس قوم کا فخراور ہمارے ہیرو ہیں۔ان کی عزم و ہمت پر پوری قوم انہیں سلام پیش کر رہی ہے۔انہوں نے شہدا کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر کے لئے دعا بھی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲