9 نومبر 2017 - 08:45
پنجاب میں تبلیغی جماعت کی بس کو حادثہ، 90 افراد ہلاک اور زخمی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع چکوال میں تبلیغی جماعت کی بس کھائی میں گرنے سے 24 افراد ہلاک اور 66 سے زائد زخمی ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حادثہ چکوال کی تحصیل کلرکہار میں ڈھوک پٹھان کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر بس بریک فیل ہونے کے باعث پلُ سے نیچے کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تبلیغی جماعت کے 24 افراد ہلاک اور 66 سے زائد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا جب کہ زخمیوں میں سے 13 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جس کے سبب اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کوہاٹ سے رائے ونڈ جانے والی بس کو ڈھوک پٹھان کے مقام کے قریب حادثہ پیش آیا،بس میں 80 سےزائد مسافر سوارتھے جو 150 فٹ گہری کھائی میں جا گری ۔

بس میں سوار مسافروں کا تعلق تبلیغی جماعت سے تھا جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جا رہے تھے۔

.......

/169