26 اگست 2017 - 11:17
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے تلعفر شہر کے مرکز میں عراق کا قومی پرچم لہرادیا

عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی تلعفر شہر کی مکمل آزادی کا اعلان کرنے کے لئے تلعفر پہنچ گئے ہیں اس درمیان عراقی مسلح افواج تلعفرمیں داعش کے خلاف مسلسل پیشقدمی کررہی ہیں اور کسی بھی وقت پورے شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرایا جاسکتاہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر حیدرالعبادی داعش کے قبضے سے تلعفر شہر کی آزادی کا اعلان کرنے کے لئے اس شہر میں داخل ہوگئے ہیں جبکہ عراقی افواج تلعفر کے بچے ہوئے کچھ محلوں پر بھی تیزی کے ساتھ اپنا کنٹرول کرنے کے لئے بھرپور کارروائیاں انجام دے رہی ہیں اور اس کے بعد کسی بھی وقت حیدرالعبادی اس شہر کی آزادی کا اعلان کردیں گے -
عراقی ٹیلی ویژن چینل الاتجاہ نے عراقی فوج کے حوالے سے خبردی ہے کہ عراقی افواج اور عوامی رضار کارفورس الحشد الشعبی نے تلعفر کے کچھ چھوٹے محلوں کو چھوڑ کے تقریبا سبھی محلوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے تلعفر شہر کے مرکز میں عراق کا قومی پرچم لہرادیا ہے - عراق کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر فالح الفیاض ، عوامی رضاکارفورس کے کمانڈر ابومہدی المہندس اور عراق کی فیڈرل پولیس کے سربراہ جنرل عبدالامیر یاراللہ تلعفر شہر میں داخل ہوگئے ہیں اور پروگرام کے مطابق یہ سبھی اعلی عہدیدار وزیراعظم حیدرالعبادی کے ساتھ مل کر تلعفر کی آزادی کا اعلان کریں گے - عراق کے فوجی ذرائع نے کہا ہے کہ تلعفر کے بیشتر علاقوں منجملہ السلام محلے کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے-
تلعفر کو آزاد کرانے کی کارروائی عراقی افواج نے بیس اگست کو وزیراعظم حیدر العبادی کے حکم پر شروع کی تھی اور عراقی افواج نے برق رفتاری کے ساتھ اس محاذ پر کامیابی حاصل کی - دریں اثنا عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ہفتے کو تلعفر کے شمال مغرب میں داعش کی ایک بڑی جیل کا پتہ لگایا جس میں اٹھارہ افراد کی لاشیں پڑی پائی گئیں-
عوامی رضاکارفورس نے تلعفر کے شمال مغرب میں السعد علاقے کو بھی داعش کے وجود سے پاک کردیا ہے- دوسری جانب صوبہ نینوا کے مرکزی شہر موصل کے قریب بھی عراقی افواج نے ایک اجتماعی قبر کا پتہ لگایا ہے جس میں ایسے پانچ سو عام شہریوں کی لاشیں بھی تھیں جنھیں داعش نے قتل کردیا تھا - عراقی افواج اس سے پہلے بھی کئی اجتماعی قبروں کا پتہ لگا چکی ہیں جن میں داعش نے عام شہریوں کا قتل عام کرکے انہیں دفن کردیا تھا.

۔۔۔۔۔۔۔

/169