3 جون 2017 - 13:38
سی آئی اے کے اندر ایران مخالف سینٹر کا قیام

امریکہ کے جاسوسی کے ادارے سی آئی اے نے ایک ایسی نئی خفیہ تنظیم بنانے کی خبر دی ہے کہ جس کا کام صرف ایران کے بارے میں اطلاعات جمع کرنا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ روزنامہ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جاسوسی کے لئے ایران مشن سینٹر کے نام سے ایک نئی خفیہ تنظیم قائم کی ہے-

اس خفیہ سینٹر میں سی آئی اے کے ہر شعبے کے ماہرین، تجزیہ نگار اور آپریشنل عملے کے افراد شامل ہیں-

امریکہ کی اس خفیہ تنظیم کا سربراہ مائیکل ڈی آنڈرہ کو بنایا گیا ہے-

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت کے اکثر اراکین، ایران مخالف رجحان کے حامل ہیں-

امریکہ کے جاسوسی کے ادارے سی آئی اے کے سربراہ مایک پمپؤ بھی ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے سخت مخالفین میں سے ہیں-

دوسری جانب بروکینگز انسٹی ٹیوٹ کی ایک تجزیہ نگار نے ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے ٹرمپ کی ممکنہ اسٹریٹیجی کو ناکام قرار دیا ہے-

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بروکینگز انسٹی ٹیوٹ میں مشرق وسطی پالیسی سینٹر کی تجزیہ نگار سوزن ملونی نے ایران میں حکومت تبدیل کرنے کی اسٹریٹیجی تیار کرنے کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کے ممکنہ فیصلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران میں حکومت تبدیل کرنے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو گا-

اس امریکی تجزیہ نگار نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ واشنگٹن نے کبھی بھی سنجیدگی سے اسلامی جمہوریہ ایران کا تختہ الٹنے کی کوشش نہیں کی، لکھا ہے کہ ایران کا نظام حکومت گرانے کے لئے امریکہ کی صلاحیتیں صفر رہی ہیں اور جو بھی یہ جانتا ہے، وہ یہ بھی جانتا ہے کہ ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کی پالیسی ہرگز کامیاب نہیں ہو سکتی-

ملونی نے لکھا ہے کہ ایران میں نظام حکومت کی تبدیلی کی اسٹریٹیجی اختیار کرنا بالکل حماقت ہے اور امریکہ کے مفادات کے لئے اس کے نقصان دہ نتائج برآمد ہوں گے-

ملونی نے لکھا ہے کہ میں آخر میں یہ کہوں گی کہ ٹرمپ کی ٹیم کی جانب سے ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کا خیرمقدم کئے جانے سے صرف اسلامی جمہوریہ ایران کی قانونی حیثیت اور اندرون ملک اس کی پوزیشن مضبوط ہو گی اور اس کا الٹا نتیجہ نکلے گا-

بروکینگز انسٹی ٹیوٹ کے تجزیہ نگار کے مطابق جو چیز واضح نظر آتی ہے وہ یہ ہے کہ ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی ٹرمپ کی اسٹریٹیجی، ایک غلطی ہو گی اور اس سے ایسی لاعلمی اور مضحکہ خیز ڈرامے کا پتہ چلتا ہے کہ جس کا انجام ایک بڑی ٹریجڈی پر ہو گا-

.......

/169