3 جون 2017 - 13:21
عالمی برادری مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے درد و کرب محسوس کرے: آغا حسن

آغا صاحب کے بلند پایہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کو راستے سے ہٹانے کی آل خلیفہ حکومت کی منصوبہ بندیوں اور موصوف پر پے در پے قاتلانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں تحریکی قیادت پر انسانیت سوز مظالم سے بحرینی عوام کے عزم و حوصلوں کو توڑا نہیں جاسکتا۔

سرینگر/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ماہ مبارک کی عظمت اور فضلیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کی باہمی اخوت و ہمدردی اور ایک دوسرے کے درد و کرب کو محسوس کرنے کا مہینہ ہے۔ آج دنیا کے کئی خطوں میں مسلمان بدترین مظالم اور بے بسی کا شکار ہیں۔ مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ دنیا کی مظلوم ترین اقلیت روہنگیا مسلمان مہذب دنیا سے رحم و کرم کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں لیکن جمہوریت، انسانیت اور عالمی امن کے دعوے دار ان مظلوموں کے قتل عام کا نظارہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو اپنے وطن اور گھروں سے بے دخل کرنے کیلئے بودھ اکثریت گاجر مولی کی طرح کاٹ رہے ہیں اور دنیا کے 56 اسلامی ممالک ان مظلوموں کے قتل عام پر کسی موثر احتجاج سے قاصر نظر ارہے ہیں۔ آغا صاحب نے عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کے ناطے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کی طرف توجہ مبذول کریں ۔

اس موقعہ پر آغا صاحب کے بلند پایہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کو راستے سے ہٹانے کی آل خلیفہ حکومت کی منصوبہ بندیوں اور موصوف پر پے در پے قاتلانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں تحریکی قیادت پر انسانیت سوز مظالم سے بحرینی عوام کے عزم و حوصلوں کو توڑا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ بحرینی عوام کی جمہوریت پسند خواہشات وجذبات کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ وادی کے اطراف و اکناف میں نوجوانوں کیپکڑ دھکڑ کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ ماہ مبارک کے دوران فورسز کی عوام کش کاروائیاں کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ ماہ مبارک میں بھی حریت قائدین کی خانہ نظربندیوں کا سلسلہ جاری رکھ کر بدترین سیاسی انتقام گیری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲