اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ٹرمپ کے دور صدارت میں امریکہ کی غیر متوقع پالیسیوں کے امکان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں امریکی قیادت کا دور ختم ہو رہا ہے اور یورپی یونین کو اب روس، ہندوستان اور چین کا اصلی اتحادی بن جانا چاہئے-
فیڈریکا موگرینی نے فلورینس میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بعض اوقات حیرت انگیز کارنامے انجام دیئے جا سکتے ہیں تاہم بعض اوقات آپ کو شکست بھی ہو سکتی ہے اور اس کی تلافی کا موقع تک نہیں ملتا جبکہ یورپ کی روش یہ نہیں رہی ہے-
فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ یورپ، واشنگٹن کی جگہ لے سکتا ہے اور یہ یورپ اور اہل یورپ کے لئے ایک موقع ہے جس میں یورپی یونین، دنیا میں تمام فریقوں کے لئے ایک شریک و اتحادی کی حیثیت سے کردار ادا کر سکتی ہے-
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے گذشتہ مہینے شام کے فضائی اڈے پر امریکی بمباری اور شمالی کوریا کے ساحلوں کے قریب اس کے فوجیوں کی تعیناتی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین مزید نرمی اور لچک کا مظاہرہ کئے جانے کی قائل ہے-
فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ بیجنگ، نئی دہلی اور ماسکو کے اپنے دورے میں انھوں نے محسوس کیا ہے کہ وہ ایک مضبوط یورپی یونین کے ساتھ قریبی تعلقات چاہتے ہیں اور نہ صرف اقتصادی اور تجارتی بلکہ سیکورٹی، انسانی وسائل، ماحولیات اور خارجہ پالیسی کے شعبوں میں یورپی یونین کے ساتھ بھرپور تعاون کے خواہاں ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔
/169