6 مئی 2017 - 14:49
فیڈریکا موگرینی: امریکہ ایٹمی معاہدے کو درکنار نہیں کرسکتا

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے امریکہ نظرانداز نہیں کر سکتا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے اٹلی کے شہر فلورینس میں ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی حکومت کو اس بات کو سمجھنا ہو گا کہ ایٹمی معاہدے سے الگ ہٹ کر چلنا، علاقے اور دنیا میں کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہو گا۔

انھوں نے ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے کو ایک کامیاب معاہدہ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ یورپی ممالک اس معاہدے پر عمل اور اس کی حمایت کرتے رہیں گے۔

فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ، کوئی دو طرفہ معاہدہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے کہ جسے امریکہ سمیت کوئی بھی نظرانداز نہیں کرسکتا۔

انھوں نے کہا کہ اس معاہدے سے عالمی سطح پر امن بحال ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان چودہ جولائی دو ہزار پندرہ کو ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ایک بین الاقوامی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں اور سولہ جنوری دو ہزار سولہ سے اس معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوا ہے۔

.......

/169