24 اپریل 2017 - 10:54
امریکہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات، انتالیس ہلاک و زخمی

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں کم از کم سات افراد ہلاک اور بتّیس دیگر زخمی ہو گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں تشدد کے واقعات کے اعداد و شمار کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ شکاگو کے ہمبلٹ پارک میں ہونے والی فائرنگ میں دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ شہر شکاگو میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

ریاست کیلیفورنیا کے علاقے سین خوزہ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ نیوجرسی میں نائٹ کلب میں ہونے والی فائرنگ میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے رونما ہونے والے اکّیس واقعات میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔
امریکہ میں تشدد کے واقعات کے اعداد و شمار کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے ایک سو ساٹھ واقعات پیش آئے ہیں جن میں انتالیس افراد ہلاک اور بیاسی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں عیسوی سال کے دوران امریکہ کے مختلف شہروں میں فائرنگ کے تیرہ ہزار ایک سو چوّن واقعات درج کئے گئے ہیں جن میں تین ہزار تین سو چوّن افراد ہلاک اور چھے ہزار تین سو ترپن دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

.......

/169