اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صوبہ کربلا کے حکام کا کہنا ہے کہ الانبار صوبے کی سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف جامع کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کربلا میں صوبائی پولیس کمانڈر کا کہنا ہے کہ آج پیر کی صبح کربلا سے ملحقہ صوبہ الانبار کی سرحدوں کے اندر ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کر دی گئی ہے.
کربلا پولیس کے ترجمان علاء الغانمی کا کہنا ہے کہ صوبہ کربلا اور الانبار کو آپس میں ملانے والی شاہراہ پر داعشی دہشت گردوں کی طرف سے بم نصب کرنے کی اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف جامع آپریشن کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن میں سیکورٹی فورسز کے مختلف دستے حصہ لے رہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف فضا اور زمین سے کارروائی کی جارہی ہے۔
الغانمی کا کہنا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی «الرحالیه»، «الروضه»، «حسیله» اور صوبہ الابنار کی کربلا سے ملحقہ سرحدوں میں کی جارہی ہے۔
کربلا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خود شہر اور مضافات میں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ موصل سمیت عراق کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آخری مراحل میں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲