22 فروری 2017 - 17:44
 مجلس وحدت مسلمین کا اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

پاکستان میں جاری دہشت گردی ،لاقانونیت اور مقدس مقامات کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے 28فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )ملک میں جاری دہشت گردی ،لاقانونیت اور مقدس مقامات کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے 28فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ سیاسیات کی طرف سے ملک کی نامور سیاسی و مذہبی شخصیات کومدعو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے اس اقدام کو ملک کی اہم جماعتوں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری کی قیادت میں ایک وفد نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کے اراکین نے زور دیاکہ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لیے تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو بھرپور کردار اداکرنا ہو گا۔ایک مخصوص اور غیر اسلامی سوچ کے حامل عناصر پورے ملک کو نظریاتی و فکری اعتبار سے یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔انہیں شکست دینے کے لیے پورے عزم کے ساتھ مشترکہ جدوجہد دور عصر کی اولین ضرورت ہے۔ ارض پاک کی سلامتی و استحکام شر پسند قوتوں کے خاتمے سے مشروط ہے جسے نتیجہ خیز بنانے کے لیے معتدل جماعتوں میں آراء کا تبادلہ اور مشاورت انتہائی ضروری ہے۔اس مقصد کے لیے مجلس وحدت مسلمین نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملک بھر سے سیاسی و مذہبی رہنما شریک ہوں گے ۔وفد نے یوسف رضا گیلانی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت بھی دی۔سابق وزیر اعظم نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملک میں امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کانفرنس میں شریک کی یقین دہانی بھی کراوائی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی،علامہ اقبال بہشتی اورملک اقرار حسین بھی موجود تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲