اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیۃ اللہ صادق آملی لاریجانی نے اپنے دورہ بغداد میں اتوار کی رات کو عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کے ساتھ ملاقات کی اور داعش کے خلاف حال ہی میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی- انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے تحفظ کی بھرپور حمایت، نیز تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنائے جانے پر تاکید کرتا ہے-

اس ملاقات میں ، جس میں دونوں ملکوں کی عدلیہ کے اعلی حکام منجملہ عراقی عدلیہ کی اعلی کونسل کے سربراہ مدحت محمود بھی موجود تھے، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا کہ دہشت گردی اور بدعنوانی سے مقابلے کے لئے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط و مستحکم ہونے چاہیئں-
عراقی پارلیمنٹ اسپیکر سلیم الجبوری اور بغداد کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے ایک ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت تازہ ترین علاقائی صورتحال بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت کا جائزہ لیا-
سلیم الجبوری نے اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ کے دورہ عراق کے موقع پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ تہران، بغداد کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی-
اس موقع پر ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے عراقی شہر موصل کے حالیہ فوجی آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے،عراقی عوام کو تکفیری اور انتہاپسند دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں فاتح قرار دیا- فریقین نے عراق اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان عدالتی اور قانونی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا-

.......
/169