15 اکتوبر 2016 - 16:49
عراق؛ موصل میں دھشتگردوں پر فوجی محاصرے کا دائرہ تنگ

عراق کے شمالی شہر موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے فوج نے شہر کے گرد محاصرہ مزید تنگ کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم نے عراق کے فوجی ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ عراق کی فوج، سیکورٹی فورس اور عوامی رضاکارفورس کے دستے موصل شہر کے قریب پہنچ چکے ہیں- عراقی حکام کا کہنا ہے کہ موصل کی آزادی کی کارروائیوں میں عراق کی سبھی مسلح افواج شرکت کریں گی- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ موصل کا تین طرف سے محاصرہ کرلیا گیا ہے اور یہ محاصرہ روز بروز تنگ ہوتا جا رہا ہے- عراق کے صوبہ صلاح الدین میں موجود العالم کے نمائندے نے خبردی ہے کہ موصل کی آزادی کی کارروائیوں کی تیاری کے تحت عراقی افواج نے صلاح الدین اور دیالہ صوبوں کے درمیانی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع کردی ہیں - عراق کی سینٹرل پولیس فورس کے ایک سینیئر کمانڈر میجرجنرل علی اللامی نے العالم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں الحویجہ اور الشرقاط کے مضافاتی علاقوں میں داعش کے باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے کی گئی ہیں - عراقی فوج نے ان علاقوں میں دہشت گردوں کے اڈوں اور مراکز کو آگ لگا دی اور ان کے فوجی ساز و سامان کو ضبط کرلیا جس کی وجہ سے اب ان علاقوں میں دہشت گردوں کی واپسی کا راستہ بند ہوگیا ہے - موصل سے اطلاعات ہیں کہ داعش نے اپنے دسیوں عناصر کو اس شبہے میں پھانسی دے دی ہے کہ وہ موصل میں اپنے سرغنوں کے خلاف بغاوت کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲