13 اکتوبر 2016 - 12:03
روسی صدر: امریکہ میں ہیکنگ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ہیکنگ کے ذریعے امریکی صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہو‏ئے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے کمپوٹروں کی ہیکنگ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدارتی اتنتخابات کی دوڑ میں شریک تمام امیدوار اپنے اپنے مقاصد کے لیے روس مخالف جذبات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ " انہوں نے یہ ہذیان بکنا شروع کر دیا ہے کہ سائبر حملے اور ہیکنگ روس کے فائدے میں ہے لیکن اس میں روس کا کوئی مفاد نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ہرطرف سے ہیکنگ کا شور تو مچایا جارہا ہے لیکن یہ کوئی نہیں بتاتا کہ کیا معلومات ہیک کی گئی ہیں۔ اس سے قبل روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا تھا کہ روس پر ہیکنگ کے امریکی الزامات سراسر بے بنیاد ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ سی آئی اے کے سربراہ جان برینن نے کچھ عرصہ قبل اپنے ایک انٹرویو کہا تھا کہ روس سائبراسپیس کے میدان میں انتہائی غیر معمولی اور پیچیدہ طاقت کا مالک ہے اور امریکہ کو اس سے پوری طرح ہوشیار اور محتاط رہنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی، ڈیموکریٹک پارٹی کے ملک گیر کمپیوٹر سسٹم پرہیکروں کے حملے کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔ امریکی حکا اس کا الزام روس پر عائد کر ر ہے ہیں۔

۔۔۔۔۔

/169