اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے مشترکہ اور متحدہ موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے کشمیری مظلوم عوام کے توقعات کے عین مطابق قرار دیا۔ آغا صاحب نے ایک بار پھر عامة المسلمین کو محرم جلوسوں میں جوق در جوق شرکت کی پُرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حق و باطل کے معرکہ اور ظلم و بربریت کے خلاف مزاحمت کے علامتی مہینے ماہ محرم الحرام کے فکر وپیغام سے درس لیکر ہم موجودہ احتجاجی تحریک کو ایک نئی جہت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے عامة المسلمین سے 7 محرم الحرام کو انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے اندرون کاٹھی دروازہ سے برآمد ہونے والے عظیم الشان جلوس عزا میں جوق در جوق شرکت کی اپیل کی ہے۔ آغا صاحب نے عشائی باغ سعدہ کدل سے برآمد ہونے والے جلوس عزا پر حکومتی قدغن کے پُرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دریں اثنا انجمن شرعی کے ترجمان نے تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی13ویں جمعہ کو بھی نماز جمعہ کی پیشوائی پر پابندی اور تین ماہ سے مسلسل خانہ نظر بندی کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے پیش نظر بھی آغا صاحب کے منصب اور موصوف کی منصبی ذمہ داریوں کی اہمیت کے باوجود بھی ریاستی انتظامیہ نے موصوف کو متواتر نظر بند رکھ کر لاکھوں عقیدت مندوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ ادھر نماز جمعہ کے بعد ا مرکزی امام باڑہ بڈگام سے ایک پُر امن احتجاجی جلوس برآمد ہوا۔ جلوس میں لوگوں نے آزادی کے حق میں اور سرکاری ظلم و بربریت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲