4 اکتوبر 2016 - 16:20
عراقی پارلیمنٹ نے ترکی کے پاس کردہ بل کو مسترد کر دیا

ترکی کی پارلیمنٹ نے جمعہ کو ایک بل پاس کرکے عراق اور شام میں ترک فوجیوں کی موجودگی کی مدت میں توسیع کردی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی پارلیمنٹ نے منگل کو اپنے اجلاس میں ترکی کی پارلیمنٹ کے ذریعے شمالی عراق میں ترک فوجیوں کی موجودگی کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کے بل کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ وہ بغداد میں ترکی کے سفیر کو طلب کرکے اس واقعہ پر احتجاج کرے-

ترکی کی پارلیمنٹ نے جمعہ کو ایک بل پاس کرکے عراق اور شام میں ترک فوجیوں کی موجودگی کی مدت میں توسیع کردی ہے- ترک پارلیمنٹ کے اس بل کی بنیاد پر عراق اور شام میں موجود ترک فوجی داعش اور دیگر دہشت گردوں کے خلاف نام نہاد  کارروائی کے بہانے فوجی اقدامات کر سکتے ہیں-

اس درمیان عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد جمال نے ترک صدر رجب طیب اروغان کے اس اعلان کو مسترد کر دیا ہے کہ عراقی شہر موصل کی آزادی کی کارروائیوں میں ترکی کے فوجی بھی حصہ لیں گے-  عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ترک حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی نیک نیتی ثابت کرے اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کا لحاظ رکھے-

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے چند روز قبل اپنے مداخلت پسندانہ بیان میں کہا تھا کہ موصل کے آزاد ہو جانے کے بعد وہاں صرف کرد سنی ترکمن اور عرب فورس ہی باقی رہیں- عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عراق سے اپنے فوجیوں کو واپس بلا لے کیونکہ اس کے اس اقدام سے بغداد اور انقرہ کے تعلقات خراب ہو رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲