2 اکتوبر 2016 - 17:33
شامی عوام کی رائے کا احترام اور ارضی سالمیت بحران کا حل: علی اکبر ولایتی

عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی نے شامی عوام کی رائے کے احترام اور ارضی سالمیت کے تحفظ پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تہران میں بیلجیئن پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ ڈیرک ون ڈرمالن نے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ شامی عوام کی رائے کا احترام اور ارضی سالمیت کا تحفظ، بحران کے حل کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کے خاتمے اور صدر بشار اسد حکومت کو جائز اور قانونی حکومت تسلیم کر لئے جانے کے نتیجے میں بحران کے حل میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ خطے میں تکفیری گروہوں اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ملکوں نے حساب کتاب کی سنگین غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔ ایران کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ نے کہا کہ ان ملکوں کے تصور میں بھی نہیں تھا کہ شام کے عوام اور اس ملک کی قانونی حکومت دہشت گردانہ حملوں اور بیرونی مداخلت کے مقابلے میں چھے سال تک استقامت کرے گی۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ایران بیلجیئم تعلقات کو دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برسلز کے ساتھ تعلقات کا فروغ ایران کے لئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ بیلجیئن پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ ڈیرک ون ڈرمالن نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کے ذریعے بحران شام کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیلجیئم اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں کے ذریعے دونوں ملکوں کے نظریات میں پائی جانے والی ہم آہنگی میں اضافہ ہو گا اور شام سمیت خطے کے بحرانوں کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز