اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اتوار کو تہران میں عراق کے انٹیلی جینس چیف مصطفی کاظمی سے ملاقات میں کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کو اپنے انٹیلی جینس تجربات منتقل کرنے کے لئے تیار ہے- ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے تکفیری دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مسلسل کامیابیوں اور متعدد علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سلامتی کی برقراری میں مغرب کی شمولیت کا دعوی ایک بڑا جھوٹ ہے کیونکہ علاقے کے ملکوں میں مغرب کی مداخلت کا نتیجہ جنگ و خونریزی کی ہی صورت میں نکلا ہے- انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران اور عراق کے اعلی رتبہ حکام کے مسلسل صلاح و مشورے، موثر اور اہمیت کے حامل ہیں- عراق کے انٹیلی جینس چیف مصطفی کاظمی نے بھی اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقے میں امن و استحکام کی برقراری میں ایران کے موثر کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور اپنی سرزمین میں غیر معمولی امن کی برقراری کے تعلق سے ایران کی کامیابی سیکورٹی کے شعبے میں اس کی غیر معمولی کارکردگی کی بہترین دلیل ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲