10 ستمبر 2016 - 13:38
بغداد؛ تجارتی مرکز کے قریب بم دھماکہ، پینتیس افراد جانبحق

عراقی پولیس کے مطابق بغداد میں ایک مصروف مارکیٹ کے پاس داعش نے دو خود کش دھماکے کئے ہیں جن میں پینتیس افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی پولیس کے مطابق جمعے کی رات کو ہونے والے ان دہشتگردانہ بم دھماکوں میں جو نخیل نامی تجارتی مرکز  کے قریب ہوئے چالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ تجارتی مرکز وزارت تیل کی عمارت کے قریب ہے۔

عراقی میڈیا کے مطابق ایک بم دھماکہ تجارتی مرکز کی پارکینگ میں کھڑی گاڑی میں ہوا تھا اور اسکے چند لمحوں بعد داعش کے ایک خود کش دہشتگرد نے خود کو اس تجارتی مرکز کے صدر دروازے پر دھماکے سے اڑا لیا۔ عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے کہا ہے کہ ان بم دھماکوں سے تجارتی مرکز کے اندر موجود لوگوں کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تکفیری دہشتگرد گروہ داعش نے کئی ہفتوں قبل بغداد کے الکرادہ علاقے میں ایک تجارتی مرکز پر خود کش حملہ کیا تھا جس میں تین سو عراقی شہری شہید ہوئے تھے۔ داعش کو عراقی فوج اور عوامی فورسز کے ہاتھوں پے درپے شکست ہورہی ہے جس پر پردہ ڈالنے کےلئے یہ تکفیری دہشتگرد گروہ نہتے عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز