10 جولائی 2016 - 23:45
امریکی صدر: ہمیں داعش کیخلاف کوششیں دوگنی کرنا ہوں گی

ہمیں داعش کے خلاف کوششیں دگنی کرنا ہوں گی جبکہ نیٹو داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ہمیں داعش کے خلاف کوششیں دگنی کرنا ہوں گی جبکہ نیٹو داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔

امریکی صدر باراک اوباما نے نیٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈیلس میں فائرنگ کے واقعے پر کہا کہ فائرنگ کرنے والا شخص امریکی افریقیوں کا نمائندہ نہیں۔ ایسا ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکا منقسم ہو رہا ہے جبکہ ایسا کچھ نہیں ہو رہا، اور نہ ہی امریکہ انیس سو ساٹھ کی دہائی میں لوٹ رہا ہے۔

باراک اوباما نے کہا کہ نیٹو ہر اتحادی کا دفاع کرے گا اور نیٹو داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا،انہوں نے کہاکہ ہمیں داعش کے خلاف کارروائیاں دو گنا کرنا ہوں گی اور اس سلسلے میں نیٹو کو بھی بدلتے حالات کے مطابق تبدیل ہونا چاہیے۔

مہاجرین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کا سارا بوجھ چند ملک نہیں اٹھا سکتے اس کے لیئے ایسی حکمت عملی تیار کی جانی چاہیئے کہ یہ بوجھ برابر تقسیم ہو۔

.......

/169