2 مئی 2016 - 10:32
عراقی وزیراعظم: عراق کو داعش کے وجود سے پاک کر دیں گے

عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے ملک کے سنجیدہ عزم پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حیدرالعبادی نے صوبہ المثنی کے شہر السماوہ میں دہشت گردانہ بم دھماکوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انھوں نے حالیہ بم دھماکوں کو دہشت گردوں کی شکست اور ان کے خلاف عراق کی حالیہ کامیابیوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ ہم عراق کو داعش دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیں گے۔

واضح رہے کہ کل عراق کے شہر سماوہ میں ایک کار پارکنگ کے قریب دو کار بم دھماکوں میں کم از کم چھتیس افراد جاں بحق اور چھیاسی زخمی ہو گئے تھے۔

صوبہ المثنی کے گورنر نے اس دہشت گردانہ حملے کے بعد تین روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

دہشت گرد گروہ داعش نے ایک بیان جاری کر کے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ بغداد کے جنوب مشرق میں واقع نہروان کے علاقے میں بھی گزشتہ روز کار بم کا دھماکہ ہوا تھا جس میں تیئیس افراد جاں بحق اور اڑتالیس زخمی ہو گئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

/169